ناظم عمومی جمعیۃ علماء ہند کی سربراہی میں ایک وفد نے نماز جنازہ میں شرکت کی اور اہل خانہ سے تعزیت کی
نئی دہلی : جمعیۃ علماء ہند کے صدر مولانا محمود اسعد مدنی نے امیر شریعت متحدہ پنجاب حضرت مولانا محمد اسحق صاحب اٹاروی شیخ الحدیث و بانی دارالعلوم میوات نوح کے سانحہ ارتحال پر گہر ے رنج و الم کا اظہار کیاہے ۔ مولانا موصوف مدرسہ امینیہ دہلی کے فارغ التحصیل اور مفتی اعظم حضرت مفتی کفایت اللہ صاحب دہلوی ؒ بانی و سابق صدر جمعیۃ علماء ہند کے شاگرد رشید تھے ۔ وہ بے مثال ادیب و خطیب ،فقیہ ، محدث اور بالغ الرائے شخصیت کے حامل تھے ۔انھوں نے پوری زندگی علم حدیث اور دین کی خدمت میں صرف کی ۔وہ میوات کی مشہور بستی اٹاور کے رہنے والے تھے، تقریبا سوسال کی طویل عمر پائی ۔وہ طویل عرصے سے امارت شرعیہ ہند کے تحت پنجاب، ہریانہ و ہماچل کے امیر شریعت تھے ، اس کے علاوہ مدرسہ معین الاسلام ( بڑا مدرسہ ) میں عرصہ دراز تک صدر مدرس اور شیخ الحدیث رہے ۱۹۹۱ء میں انھوں نے دارالعلوم میوات کی بنیاد رکھی اور پھر اخیر عمر تک وہاں شیخ الحدیث رہے ۔ صدر جمعیۃ علماء ہند کی طرف سے تعزیتی پیغام لے کر ناظم عمومی جمعیۃ علماء ہند مولانا حکیم الدین قاسمی کی قیادت میں ایک وفد آج نوح پہنچا اور مرحوم کی نماز جنازہ میں شرکت کی۔ وفد میں مرکزی دفتر سے مولانا غیو راحمد قاسمی اور مولانا مفتی ذاکر قاسمی شامل تھے ، جب کہ جمعیۃ علماء ہریانہ ، پنجاب اور ہماچل کے جنرل سکریٹری مولانا محمد یحییٰ کریمی ، مولانا شیر محمد امینی ،ماسٹر محمد قاسم مہوں ناظم جمعیۃ علماء متحدہ پنجاب ،قاری محمد اسلم بڈیڈوی صدر جمعیۃ علماء گروگرام ،مفتی سلیم احمد قاسمی ناظم اعلیٰ جمعیۃ علماء گروگرام، مولانا صابر مظاہری آفس سیکریٹری جمعیۃ علماء گروگرام،مولانا ساجد قاسمی ناظم اعلیٰ جمعیۃ علماء ضلع پلول، مولانا طیب کنسالی ،قاری محمد زکریا مہوں ، حافظ عبدالرحمن لہراوی ،مولانا جمال الدین شیر گڑھ، مولانا عطاء اللہ باتیہ ، مولانا زکریا بھادس، مولانا ساجد یحیی کریمی،مولاناد ین محمد، مولانا محمد ایوب، وغیرہ شریک تھے ۔ مولانا حکیم الدین قاسمی ناظم عمومی جمعیۃ علماء ہند نے لواحقین سے ملاقات کرکے صدر جمعیۃعلماء ہند اور اپنی طرف سے تعزیت پیش کی ۔مولانا حکیم الدین قاسمی نے نماز جنازہ سے قبل اپنے مختصر خطاب میں کہا کہ مولانا موصوف حضرت فدائے مولانا سید ا سعد مدنی نوراللہ مرقدہ سے گہری وابستگی رکھتے تھے اور اکابر کے معتمد تھے ۔ مولانا مرحوم کے بھتیجے اور میوات میں جمعیۃ علماء کے سرگرم سپاہی مولانا حکیم الدین اٹاروی نے بتایا کہ مولانا مرحوم کے لواحقین میں چار صاحبزادے ہیں ، جن میں مولانا محمد خالد اسحق ،مولانا عمارصاحب، مولانا یعقوب صاحب اور مولانا مسعود صاحب اور تین بیٹیاں ہیں۔نماز جنازہ علاقے کے ہزاروں علماء اور عوام نے شرکت کی ۔ نماز جنازہ بڑے صاحبزادے مولانا محمد خالد اسحق نے پڑھائی ۔