نئی دہلی: ریلائنس انڈسٹریز کے چیئرمین اور منیجنگ ڈائریکٹر مکیش امبانی کے بیٹے مشہور کاروباری شخصیت اننت امبانی کی قیادت میں ‘ونتارا’ نے نامیبیا کی حکومت سے جانوروں کے قتل کو روکنے اور انہیں تحفظ فراہم کرنے کی خواہش ظاہر کی ہے ۔ .نامیبیا اس وقت خشک سالی اور قحط کا شکار ہے اور اسی وجہ سے وہاں کی حکومت نے جانوروں کو مارنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ ہندوستان میں نامیبیا کے سفارتخانے کو لکھے گئے خط میں ‘ونتارا’ نے جانوروں کی حفاظت کا ارادہ ظاہر کیا ہے ۔ ‘ونتارا’ نے لکھا ہے کہ وہ نامیبیا کی حکومت کے ہاتھوں مارے جانے والے جانوروں کو مستقل یا عارضی گھر فراہم کرنے کے لیے بے چین ہے ، تاکہ جانوروں کی قیمتی جانوں کو بچایا جا سکے ۔اقوام متحدہ کا اندازہ ہے کہ خشک سالی کی وجہ سے نامیبیا کی تقریباً 84 فیصد خوراک ضائع ہو چکی ہے ۔ ملک میں خوراک کے بحران سے نمٹنے کے لیے 700 سے زائد جنگلی جانوروں کو مارنے کی تیاریاں کی جا رہی ہیں۔ نامیبیا کی وزارت ماحولیات، جنگلات اور سیاحت کی طرف سے اعلان کردہ فہرست کے مطابق 83 ہاتھی، 60 بھینسیں، 30 کولہے ، 100 نیلی وائلڈ بیسٹ، 50 امپالا اور 300 زیبرا مارے جانے ہیں۔