انٹر امتحانات کی نگرانی کیلئے 8000 کیمروں کی تنصیب

   

کمانڈ کنٹرول سسٹم کا ایجوکیشن کمیشن صدرنشین نے معائنہ کیا
حیدرآباد14 فروری (سیاست نیوز) تلنگانہ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ نے سی سی ٹی وی کیمروں کی نگرانی میں امتحانات کے شفافیت سے انعقاد کی تیاریاں مکمل کرلی ہیں ۔ امتحانات میں شفافیت اور کسی بھی بے قاعدگیوں کیلئے گنجائش فراہم نہ کرنے تمام سرکاری، خانگی اور رہائشی جونیئر کالجس میں سی سی ٹی وی نگرانکار سسٹم کے تحت امتحانات کے انعقاد کا فیصلہ کیا ہے۔ ایجوکیشن کمیشن صدرنشین اے مرلی نے کمیشن کے ارکان پروفیسر وشویشور راؤ اور جوتسنا ریڈی کے ہمراہ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا اور کمانڈ کنٹرول سسٹم کا معائنہ کیا۔ تلنگانہ کے تعلیمی نظام میں پہلی مرتبہ یہ سسٹم متعارف کیا گیا تاکہ امتحانی مراکز کی نگرانی کی جاسکے اور منصفانہ امتحانات کے انعقاد کا ماحول تیار کیا جائے۔ بورڈ سکریٹری کرشنا ادتیہ نے کمانڈ کنٹرول سسٹم کی کارکردگی کی تفصیلات سے واقف کرایا۔ انہوں نے کہا کہ 8000 عصری کیمرے ریاست بھر میں کالجس میں نصب کئے گئے ۔ امتحانات میں طئے شدہ قواعد پر عمل کیا جائیگا ۔ صدرنشین ایجوکیشن کمیشن اے مرلی نے بورڈ حکام کی ستائش کی۔ انہوں نے کہا کہ امتحانی مراکز کی نگرانی سے تعلیمی نظام میں اصلاحات میں مدد ملیگی ۔ انہوں نے کمانڈ کنٹرول کی کارکردگی پر اطمینان ظاہر کیا۔ سکریٹری نے نگرانکار سسٹم کی فراہمی میں بھکشاپتی ٹکنالوجیز کے تعاون سے واقف کرایا۔ کمیشن ارکان نے امید ظاہر کی کہ نگرانکار سسٹم سے انٹرمیڈیٹ امتحانات کے نقائص کے بغیر انعقاد میں مدد ملے گی۔1