انڈیا اتحاد ملک کی ضرورت:اودھیش پرساد

   

لکھنؤ:18جون(یواین آئی) اجودھیا میں سماج وادی پارٹی(ایس پی) رکن پارلیمان اودھیش پرساد نے انڈیا اتحاد کو ملک کی ضرورت بتاتے ہوئے کہا کہ بے روزگاری ، مہنگائی اور بدعنوانی کی روک تھام کے لئے بی جے پی کی قیادت والی حکومت کو ہٹانا ضروری ہے ۔قابل ذکر ہے کہ ایس پی سربراہ اکھلیش یادو نے منگل کو ایک پریس کانفرنس میں انڈیا اتحاد کے ساتھ 2027 کا اسمبلی الیکشن لڑنے کااعلان کیا تھا۔ ایس پی سربراہ کے بیان پر اتفاق کا اظہار کرتے ہوئے پرساد نے کہا‘ اس ملک میں ایک بہت بڑے کام کے لئے انڈیا اتحاد کی تشکیل ک ی گئی ہے کیونکہ اس ملک میں بڑی تعداد میں تعلیم یافتہ لوگ بے روزگار ہیں۔ بڑے پیمانے پر بے روزگاری، مہنگائی، بدعنوانی ہے ۔ غریبوں، پچھڑوں، دلتوں کے ساتھ ناانصافی ہورہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت ان سبھی مسائل سے آنکھیں موند لیتی ہے ۔ اس لئے اس بڑے کام کے لئے اس ملک میں بے روزگار، مہنگائی دور کرنے اور آئین بچانے کے لئے انڈیا اتحاد کی ضرورت ہے ۔ وہ اکھلیش یادو کے ذریعہ ظاہر کئے گئے جذبات سے متفق ہیں۔