اے کے خاں کے ہمراہ سیاسی قائدین و عہدیداروں کا دورہ
حیدرآباد۔4۔اپریل(سیاست نیوز) انیس الغرباء کے تمام کاموں کو آئندہ دو ہفتوں کے دوران مکمل کرتے ہوئے اس کے افتتاح کو یقینی بنایا جائے گا اور چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ جلد ہی انیس الغرباء کی اس نئی وسیع و عریض عمارت کا افتتاح انجام دیں گے۔ مشیر برائے اقلیتی بہبودحکومت تلنگانہ جناب عبدالقیوم خان کے ہمراہ آج صدرنشین تلنگانہ ریاستی وقف بورڈ ‘ جناب اکبرالدین اویسی قائد مقننہ مجلس پارٹی ‘ ڈائریکٹر محکمہ اقلیتی بہبود جناب ایم بی شفیع اللہ آئی ایف ایس ‘ جناب سید خواجہ معین الدین کے علاوہ دیگر عہدیداروں نے تعمیری کاموں کا جائزہ لیا۔ بعدازاں جناب محمد مسیح اللہ خان نے بتایا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے وقف بورڈ کے توسط سے تعمیر کئے جانے والے اس انیس الغرباء کی تعمیر عید الفطر سے قبل مکمل کرلی جائے گی اور اس کا افتتاح عمل میں لانے کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ انہو ںنے بتایا کہ قلب شہر میں واقع اس عمارت کو ملت کے یتیم‘ غریب اور مستحق بچوں کی تعلیم و ترقی کے لئے استعمال کیا جائے گا ۔ جناب عبدالقیوم خان نے بتایا کہ اس عمارت میں ہاسٹل اور اسکول کا قیام عمل میں لایا جائے گا ۔انہو ں نے بتایا کہ اب تک اس عمارت کی تعمیر پر 40لاکھ روپئے خرچ کئے جاچکے ہیں اور اس عمارت کی تعمیر کی تکمیل کے ساتھ ہی اسے تعلیمی سرگرمیوں کے مرکز کے طور پر ترقی دینے کے اقدامات کئے جائیں گے ۔انیس الغرباء کو ترقی دینے کے لئے تشکیل دی گئی کمیٹی کے صدرنشین ریاستی وزیر اقلیتی بہبود ہیں اور اس کمیٹی کے ارکان میں ایک رکن سیکریٹری محکمہ اقلیتی بہبود بھی ہیں لیکن دونوں ہی آج کئے گئے معائنہ کے دوران موجود نہیں تھے۔م