اوساکااوربارٹی

   

جدوجہد کے بعد کامیاب

ملبورن : عالمی نمبر ایک ٹینس اسٹار ایش بارٹی نے پہلے سیٹ میں انتہائی شاندار مظاہرہ کرنے کے باوجو د 52ویں مقام کی کھلاڑی ماری بوسکووا کو 6-0 ، 4-6 ، 6-3 سے شکست دی ۔ آسٹریلین اوپن سے قبل کھیلے جانے والے اس وارم اپ ایونٹ کے مقابلہ میں بہتر شروعات کے باوجود بارٹی کو کامیابی کیلئے سخت جدوجہد کرنی پڑی ۔ تیسرے سیٹ میں 2019ء فرنچ اوپن چمپئن نے 3 مرتبہ سرویس بریک کا تبادلہ کیا جس کے بعد آٹھویں گیم میں انہوں نے بوسکووا کی سرویس توڑی ۔ کامیابی کے بعد اظہار خیال کرتے ہوئے بارٹی نے کہا کہ گذشتہ رات مقابلہ کھیلنے کے بعد میں بھرپور نیند نہیں لے پائی تھی اور اب پھر دوسرے دن بھی مقابلے میں شرکت سخت چیلنج تھا ۔ مقابلہ کے دوران درمیانی وقت میں مجھے مقابلہ میں شکست کا خوف ہونے لگا تھا لیکن میں نے خود پر قابو رکھا ۔ کوارٹر فائنل مقابلہ میں بارٹی کا سامنا ایک اور امریکی کھلاڑی شیلبی راجررس سے ہوگا اور امید کی جارہی ہے کہ سیمی فائنل میں ان کی متوقع حریف سرینا ولیمس ہوں گی ۔ علاوہ ازیں یو ایس اوپن چمپئن نوامی اوساکا نے بھی یرا ویلی کلاسک نے پیشقدمی جاری رکھی لیکن انہیں کامیابی کیلئے غیر معروف کھلاڑی کے خلاف تین سیٹوں کی جدوجہد کرنی پڑی ۔ آسٹریلین اوپن کے سائیٹ پر 89مقابلے شیڈول کئے گئے جس میں تین ڈبلیو ٹی اے ٹورنمنٹ بھی شامل ہے جس کی وجہ سے کھلاڑیوں کو مصروف ترین شیڈول کا سامنا کرنا پڑرہا ہے جس سے ان کے مظاہرے بھی متاثرہ ہورہے ہیں ۔ اوساکا جنہیں پہلے مرحلے کے مقابلہ میں بائی ملا تھا ، تاہم انہوں نے کے ٹی بولٹر کے خلاف 3-6 ، 6-3، 6-1کی کامیابی حاصل کی ۔ دیگر کھلاڑیوں میں تیسرے مقام کی ایلینا سوئیٹولینا نے فرانسیسی کھلاڑی ایلینا اوسٹا پنکو کو 6-7(4) ، 6-3 ، 6-2 سے شکست دی ۔ جب کہ ایلیس مارٹن نے کیرولینا گارشیا کو 7-6(1) ، 6-3 سے شکست دی ۔ علاوہ ازیں اے ٹی پی کپ کے سیمی فائنل میں اٹلی نے رسائی حاصل کرلی ہے جیسا کہ اس نے اپنے دو سنگلس مقابلوں میں کامیابی حاصل کرلی ہے۔ فرانس کے خلاف کھیلے گئے مقابلہ میں فیبیوو فُگنینی نے بینٹ پیری کو 6-1 ، 7-6(2) سے شکست دی ۔ اس سے قبل میٹیو بریٹنی نے فرانسیسی کھلاڑی جائس موفل کو 6-4 ، 6-2 سے شکست دی ۔ اٹلی اپنے گروپ میں سرفہرست مقام پر فائز ہے ۔ دیگر مقابلوں میں جرمنی نے کینیڈا کو 2-0 سے شکست دی ۔