رائے درگ کی قیمتی اراضی کی بازیابی پر زور، محمد مشتاق ملک کی پریس کانفرنس
حیدرآباد۔12ستمبر(سیاست نیوز) اسمبلی اجلاس میںچیخیں مارکر چند منٹ و قف جائیدادوں کے متعلق بات کرنے سے تلنگانہ کی قیمتی اوقافی جائیدادوں کی صیانت ممکن نہیں ہے ۔ زمینی سطح پر کام کرنے کی ضرورت ہے ۔ حکومت کے ساتھ تعاون اور اشتراک کے باوجود اوقافی جائیدادوں کی تباہی ملت کی رہنمائی پر ایک بہت بڑا سوال ہے ۔ وقف جائیدادوں کی بازیابی او رصیانت کے لئے کل جماعتی تحریک دوماہ چلائی جائیگی ۔اقلیتی اداروں کو کارگرد بنانے کے علاوہ وقف بورڈ کے اجلاس کا عاجلانہ انعقاد کی مانگ بھی مہم کا حصہ رہے گا۔ اکٹوبر اور نومبر میںایم ایل سی نشستیں خالی ہوں گی ‘ جس پر دو مسلمانوں کی نامزدگی کے علاوہ وزرات میںبھی ایک او رمسلمانوں کو شامل کرنے کے لئے بھی مہم شروع کرنے کا تحریک مسلم شبان کے صدر محمد مشتاق ملک نے انتباہ دیاہے۔ جامعہ نظامیہ کی قیمتی اوقافی اراضی کی بازیابی اور ہراج کی منسوخی کے شعور بیداری مہم چلانے کابھی مشتاق ملک نے اعلان کیا۔ تحریک مسلم شبان کے دفتراعظم پورہ میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے محمد مشتا ق ملک نے کہاکہ چند روز قبل ایک کل جماعتی گول میز کانفرنس منعقد کی گئی تھی جس میں وقف اراضیات کی بازیابی او رحفاظت کے لئے منظم تحریک شروع کرنے کے علاوہ دیگر اقلیتی مسائل پر پیش کئے گئے تجاویز پر عمل کرتے ہوئے دوماہ طویل احتجاج کا فیصلہ لیاگیا ہے ۔ مشتاق ملک نے کہاکہ وقف بورڈ میںجس سیاسی جماعت کی سب سے زیادہ اجارہ داری ہے وہی وقف اراضیات کی تباہی کا بھی ذمہ دار ہے ۔ ہر حکومت سے وقف بورڈ کی جائیدادوں کی تفصیلات پر مشتمل فہرست جاری کرنے کی مانگ کی جاتی ہے مگر آج تک کسی بھی حکومت میںبورڈ نے وقف جائیدادوں کی مکمل فہرست جاری نہیں کی ۔ ریاست بھر کی وقف جائیدادوں کی تفصیلات عوام کے سامنے لانے کی بھی مانگ کی ۔مشتاق ملک نے کہاکہ کانگریس نے نیا وقف ایکٹ تسلیم کرنے سے انکار کردیاتھا مگر اب نئے وقف ایکٹ کا بہانا بناکر بورڈ کا اجلاس طلب نہیںکیاجارہا ہے جبکہ وقف بورڈ ایک خود مختار ادارہ ہے جس میں محکمے اقلیتی بہبود کو مداخلت کا کوئی اختیار نہیںہے ۔انہوں نے مزیدکہاکہ بی جے پی اقتدار والی ریاستوں میںبھی وقف بورڈ کااجلاس ہورہا ہے مگر تلنگانہ میں اجلاس کو نظرانداز کردیا گیا ہے۔ انہوں نے چیف منسٹر ریونت ریڈی سے کہاکہ اگر مسلمانوں کی بہبود کے لئے سنجیدہ ہیں تو مداخلت کریں اور وقف بورڈ کا اجلاس منعقد کریں۔ رائے درگ کی قیمتی وقف اراضی کے متعلق اپنا ردعمل ظاہر کرتے ہوئے مشتاق ملک نے کہاکہ ہر قیمت پر جامعہ نظامیہ کی قیمتی وقف اراضی کے ہراج کو منسوخ کرایاجائیگا اور جب تک مذکورہ قیمتی وقف اراضی کی بازیابی نہیںہوجاتی تب تک خاموش نہیںبیٹھیں گے۔ایڈوکیٹ مسعود احمد ‘ مجیب اللہ شریف‘ مجاہد ہاشمی‘ ایس اے منان کے علاوہ دیگر بھی پریس کانفرنس میںموجود تھے۔