2173 امیدواروں کا استفادہ، تمام طبقات کیلئے مجموعی طور پر 885 کروڑ کی تعلیمی امداد
حیدرآباد۔/22 نومبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے بیرونی یونیورسٹیز میں اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے خواہشمند طلبہ کیلئے اوورسیز اسکالر شپ اسکیم کا آغاز کیا ہے اور 2014 سے جاریہ سال 2022 تک اس اسکیم کے تحت 4919 طلبہ کیلئے اسکالر شپ کی رقم کے طور پر جملہ 885.99 کروڑ روپئے جاری کئے گئے۔ حکومت کی جانب سے اوورسیز اسکالر شپ اسکیم پر عمل آوری کی تفصیلات جاری کی گئیں جس میں یہ دعویٰ کیا گیا ہے کہ 2014-15 سے اس اسکیم کے تحت ایس سی، ایس ٹی، بی سی اور اقلیتی طبقہ کے جملہ 4919 طلبہ کو فائدہ پہنچا۔ مختلف سرکاری اسکیمات پر عمل آوری کے سلسلہ میں حکومت کی جانب سے وقتاً فوقتاً رپورٹ جاری کی جارہی ہے۔ اوورسیز اسکالر شپ اسکیم کے تحت 20 لاکھ روپئے کی تعلیمی امداد فراہم کی جاتی ہے اور امیدواروں کے سرپرستوں کی آمدنی کی حد کو بڑھا کر 4 لاکھ 50 ہزار سالانہ کیا گیا ہے۔ استفادہ کنندگان میں ایس سی طبقہ کے 935، ایس ٹی 208، بی سی 1603 اور اقلیتی طبقہ کے 2173 امیدوار شامل ہیں۔ اسکیم کے تحت امریکہ، برطانیہ، آسٹریلیا، کنیڈا، سنگاپور، جرمنی، نیوزی لینڈ، جاپان، فرانس، جنوبی کوریا کے علاوہ دیگر ممالک میں پوسٹ گریجویشن اور پی ایچ ڈی کورسیس کیلئے تعلیمی امداد فراہم کی جارہی ہے۔ تلنگانہ کی تشکیل سے قبل اس اسکیم کے تحت صرف 100 طلبہ کا انتخاب کرتے ہوئے 5 لاکھ روپئے کی امداد دی جاتی تھی لیکن 2014 کے بعد تعلیمی امداد کو بڑھا کر 20 لاکھ کیا گیا ہے۔حکومت کے نوٹ کے مطابق اقلیتی طلبہ کو بیرونی ممالک میں اعلیٰ تعلیم کیلئے تعلیمی امداد سے متعلق اسکیم کا 19 مئی 2015 کو 25کروڑ روپئے سے آغاز کیا گیا۔ ایس سی طلبہ کیلئے یہ اسکیم پہلے سے جاری تھی اور اقلیتی طلبہ کیلئے توسیع دیتے ہوئے بیرونی ممالک میں تعلیم کا موقع فراہم کیا گیا ہے۔ اقلیتی طلبہ کیلئے اوورسیز اسکالر شپ اسکیم کے تحت 2015-16 سے 2022 تک 2173 امیدواروں کا انتخاب کیا گیا اور انہیں 395 کروڑ روپئے جاری کئے گئے۔ اس اسکیم کے تحت مختلف ممالک میں اقلیتی طلبہ اعلیٰ تعلیم حاصل کررہے ہیں۔ ایس سی، ایس ٹی طلبہ کیلئے سابق میں 10 لاکھ روپئے کی رقم فراہم کی جاتی تھی جسے بڑھا کر ٹی آر ایس حکومت نے 20 لاکھ روپئے کیا ہے۔ اسکیم میں خواتین کیلئے 35 فیصد تحفظات فراہم کئے گئے ہیں۔ 2014 سے 2022 تک ایس سی طبقہ کے 935 طلبہ میں 167.71 کروڑ جاری کئے گئے جبکہ 208 ایس ٹی طلبہ میں 34.50 کروڑ تعلیمی امداد دی گئی۔ بی سی طلبہ کیلئے 10 اکٹوبر 2016 کو اسکیم کا آغاز کیا گیا اور تاحال 1603 بی سی طلبہ کیلئے 288.74 کروڑ کی اجرائی عمل میں آئی ہے۔ حکومت کے اعداد و شمار کے مطابق 2015-16 میں 212 امیدوار ، 2016-17 میں 239، 2017-18 میں 224، 2018-19 میں 385 ، 2019-20 میں 374 ، 2020-21 میں 249، 2021-22 میں 384 اور 2022-23 میں تاحال 106 اقلیتی امیدواروں کو تعلیمی امداد جاری کی گئی ہے۔ر