اوڈیشہ کے رہائشی اسکول میں سیلاب کا پانی داخل، 400طلبہ پھنس گئے

   

بھونیشور، 16 اگست (یواین آئی) اوڈیشہ کے مرکزاپڑا ضلع میں درج فہرست ذاتوں اور قبائل کے طلبہ کے لیے چلائے جانے والے سرکاری رہائشی اسکول کے احاطے میں سیلاب کا پانی داخل ہونے کے بعد تقریباً 400 بچے پھنس گئے ۔ ان میں تقریباً 150 طالبات شامل ہیں۔ضلع کے کئی نشیبی علاقوں میں برہمنی ندی کے طغیانی پر ہونے اور اس کی سطحِ آب خطرے کے نشان سے اوپر پہنچ جانے کے باعث ایک بار پھر سیلاب کی صورتحال پیدا ہوگئی ہے ۔ ضلع میں تقریباً پندرہ روز قبل بھی سیلاب آیا تھا۔پینتھاپالا گرام پنچایت کے تحت کلساہی گاؤں کے نشیبی علاقے میں واقع یہ رہائشی اسکول اتوار کی دوپہر آس پاس کے گاؤں میں پانی بھر جانے کے بعد سیلاب میں گھر گیا۔ دو منزلہ اسکول میں تقریباً 400 طلبہ رہتے ہیں، جن میں 150 طالبات ہیں۔طالبات کے زیریں منزل پر رہنے کے باعث مقامی انتظامیہ نے انہیں آؤل میں واقع ایک دوسرے رہائشی اسکول میں منتقل کردیا ۔ پٹّامُنڈئی کے بلاک ڈیولپمنٹ افسر شیتل اگروال نے بتایا کہ طالبات کو نکالنے کے لیے موٹر والی کشتیوں کی مدد لی گئی ۔انہوں نے بتایا کہ ہاسٹل کی پہلی منزل پر رہنے والے تقریباً250 طلبہ فی الحال محفوظ ہیں اور انتظامیہ ان کی صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے ۔ صورتحال بگڑنے پر انہیں بھی محفوظ مقام پر منتقل کیا جائے گا۔ انتظامیہ بڑھتی ہوئی سطحِ آب کی مسلسل نگرانی کررہی ہے اور بچاؤ و انخلا کے لیے ضروری انتظامات کئے گئے ہیں۔