آرین خان کی درخواست ضمانت پر کل سماعت

,

   

ممبئی: کروز شپ ڈرگس پارٹی کیس میں شاہ رخ خان کے بیٹے آرین خان اور ارباز مرچنٹ کی درخواست ضمانت پر چہارشنبہ کو سماعت ہوگی۔ اس سے قبل سیشن کورٹ میں ضمانت کی درخواست دائر کی گئی تھی۔ عدالت میں آرین کے وکیل ستیش مان شندے نے سماعت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ جمعہ کو ہی درخواست این سی بی کے حوالے کردی گئی تھی۔ اس پر این سی بی نے کہا کہ ہمیں جواب دینے کے لیے وقت درکار ہے،ابھی تفتیش جاری ہے۔ دسہرہ کے بعد سماعت کی تاریخ رکھی جائے، ساتھ ہی امیت دیسائی نے آرین کے معاملے پر کہا کہ پہلے گروپ کے تین ارکان میں سے آرین واحد ہے، جن کے پاس کچھ نہیں ملاتھا۔ اسی لیے 7 دن اس بچے کے لیے مناسب نہیں۔ اس لیے اگر ممکن ہو تو ضمانت پر سماعت آج دوپہر یا کل صبح کی جائے۔ اس پر این سی بی کے وکیل نے کہا کہ جواب داخل کرنے میں 7 دن لگتے ہیں۔ملزم نمبر 1 عدالتی تحویل میں ہے۔ اسے چھوڑنے سے ثبوت متاثر ہو سکتے ہیں۔ ہم اپنا جواب داخل کرنا چاہتے ہیں، لیکن ہمیں یہ کل ہی ملا۔ لہذا جمعرات تک کا وقت دیا جائے۔ اس پر عدالت نے این سی بی سے کہا ہے کہ وہ 13 اکتوبر کو صبح 11 بجے جواب داخل کرے اور اسی دن دوپہر کو معاملے کی سماعت ہوگی۔واضح رہے کہ اس سے قبل جمعہ کو آرین خان کی ضمانت کی درخواست مسترد کردی گئی تھی۔ آرین خان کے وکیل ستیش مان شندے نے بتایا کہ یہ فطری بات ہے، اگر عدالت ضمانت کی درخواست مسترد کرتی ہے تو ہم اس کے خلاف ہائی کورٹ جائیں گے۔ہم نے ممبئی کی خصوصی این ڈی پی ایس عدالت میں ضمانت کی درخواست دائر کی ہے۔