دیمو 23 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) آسام کے ضلع سیوا ساگر میں ایک بس اور منی بس کے درمیان تصادم میں کم سے کم 9 افراد ہلاک اور دیگر کئی زخمی ہوگئے۔ پولیس نے کہاکہ یہ حادثہ صبح 8.35 بجے پیش آیا جب ایک بس گولگھاٹ سے ڈبرو گڈہ کا سفر کررہی تھی کہ ڈیمو میں شاہراہ 37 پر مخالف سمت سے آنے والی منی بس سے ٹکرا گئی۔ تصادم کے نتیجہ میں دونں گاڑیاں سڑک کے کنارے واقع کھڈ میں گر پڑیں۔ اسسٹنٹ سب انسپکٹر کے علی نے جو راحت کاریوں کی نگرانی کررہے ہیں کہاکہ دونوں گاڑیوں سے چند نعشیں نکال لی گئی ہیں۔ اس دوران چند شدید زخمی افراد بغرض علاج دواخانہ کو منتقلی کے دوران زخموں سے جانبر نہ ہوسکے۔ اکثر مہلوکین منی بس میں سفر کررہے تھے۔ چند زخمیوں کو ڈیمو کے ابتدائی طبی مرکز سے رجوع کیا گیا۔ دیگر زخمیوں کو ڈبرو گڑھ کے آسام میڈیکل کالج ہاسپٹل منتقل کیا گیا۔