سڈنی۔ 4 مارچ ۔(سیاست ڈاٹ کام) آسٹریلیا کے شہر سڈنی میں ایک اولڈایج ہوم میں کام کرنے والی خاتون کے کوروناوائرس میں مبتلا ہونے کا معاملہ سامنے آنے کے ساتھ ہی ملک میں آج کورونا وائرس میں مبتلا ہونے والے لوگوں کی تعداد بڑھکر 41تک پہنچ گئی ہے۔یہ ابھی تک پتہ نہیں چل سکا ہے کہ تقریباً 50سالہ اس خاتون کو یہ انفیکشن کیسے لگا۔ افسروں نے بتایا کہ اولڈ ایج ہوم میں اس کے رابطے میں آئے سبھی لوگوں کو الگ تھلگ رکھاگیاہے ۔اس دوران ایک 95سالہ بزرگ کی اچانک موت ہوگئی حالانکہ ماہرین اس بات پر پُر یقین نہیں ہیں کہ ان کی موت اس وائرس کی وجہ سے ہوئی ہے ۔ڈائمنڈ پرنسز جہاز پر جاپان سے آئے ایک 78سالہ بزرگ کی پرتھ میں اتوار کو موت ہونے کے بعد آسٹریلیا میں ہلاک شدگان کی تعداد بڑھی نہیں ہے ۔نیو ساؤتھ ویلس کے میڈیکل افسر نے پچھلے اتوار سے کورونا وائرس کے 11معاملے درج کئے ہیں جس سے یہاں انفیکشن میں مبتلا لوگوں کی تعداد بڑھکر 15ہوگئی ہے ۔