حیدرآباد 6 نومبر (سیاست نیوز) حلقہ اسمبلی شاد نگر کے کندرگ منڈل میں پولو سومامڑی کے اطراف کے مواضعات کے کسانوں نے کل دوارکا آئرن انڈسٹری کے قیام کے خلاف شاد نگر ۔ پرگی روڈ پر راستہ رکو احتجاج کیا۔ اس موقع پر مخاطب کرتے ہوئے کسانوں نے کہاکہ اس سلسلہ میں حال میں منعقدہ رائے عامہ کو گاؤں کے لوگوں کو اطلاع دیئے بغیر خفیہ طور پر منعقد کیا گیا۔ انھوں نے الزام عائد کیاکہ کمپنی نے غیر مقامی 100 لوگوں کا استعمال کرتے ہوئے رائے عامہ میں اس کمپنی کے قیام کے لئے مدد کرنے پر انھیں اس کا معاوضہ ادا کیا۔ انھوں نے کہاکہ آلودگی پیدا کرنے والی صنعتوں کے باعث پہلے ہی ان کی فصلوں کو نقصان ہورہا ہے۔ آلودگی سے نہ صرف انسان مررہے ہیں بلکہ آلودگی پیدا کرنے والی انڈسٹریز کے باعث ہونے والی آلودگی سے مویشی بھی تلف ہورہے ہیں۔ انھوں نے مطالبہ کیاکہ شاد نگر اسمبلی حلقہ کو گرین زون قرار دیا جائے اور اس کا اعلان کیا جائے تاکہ اسے آلودگی سے بچایا جاسکے۔ انھوں نے مزید کہاکہ حکومت کی جانب سے ان عہدیداروں کے خلاف ضروری کارروائی کی جانی چاہئے جو کمپنی مینجمنٹ کی مدد کررہے ہیں۔