آندھراپردیش وقف بورڈ تحلیل، یوسف شریف اسپیشل آفیسر مقرر

   

Ferty9 Clinic

حیدرآباد۔17 جولائی (سیاست نیوز) آندھراپردیش حکومت نے آندھراپردیش وقف بورڈ کو فوری اثر کے ساتھ تحلیل کرتے ہوئے اسپیشل آفیسر کا تقرر کرلیا ہے۔ اس سلسلہ میں سکریٹری اقلیتی بہبود کے رام گوپال نے دو علیحدہ احکامات جاری کئے۔ مسٹر یوسف شریف آئی ایف ایس ریٹائرڈ سروے کمشنر وقف کو وقف بورڈ کا اسپیشل آفیسر مقرر کیا گیا۔ جی او ایم ایس 39 میں کہا گیا ہے کہ حکومت نے وقف بورڈ کو فوری اثر کے ساتھ چھ ماہ کے لیے یا نئے بورڈ کی تشکیل تک تحلیل کردیا ہے لہٰذا مسٹر یوسف شریف نئے بورڈ کی تشکیل تک اسپیشل آفیسر کی حیثیت سے فرائض انجام دیں گے۔ بورڈ کی تحلیل سے متعلق جی او ایم ایس 38 میں کہا گیا ہے کہ چیف ایگزیکٹیو آفیسر وقف بورڈ نے 3 جولائی کو وجہ نمائی نوٹس جاری کرتے ہوئے اندرون 7 یوم جواب داخل کرنے کی مہلت دی تھی۔ وجہ نمائی نوٹس میں کہا گیا تھا کہ اگر مقررہ مدت کے دوران جواب نہیں ملتا ہے تو یہ تصور کیا جائے گا کہ بورڈ کے پاس جواب دینے کے لیے کچھ نہیں ہے اور درکار مواد کی بنیاد پر احکامات جاری کئے جائیں گے۔ چیف ایگزیکٹیو آفیسر نے بتایا کہ تمام ارکان کو رجسٹر پوسٹ ای میل اور واٹس ایپ کے ذریعہ نوٹس دی گئی۔ اسی دوران بی ایس امیر بابو اور اے محمد امتیاز آئی اے ایس نے ارکان کے عہدوں سے استعفیٰ دے دیا جو بورڈ کے نامزد ارکان تھے۔ ان کے استعفے حکومت نے منظور کرلئے۔ وقف بورڈ کی جانب سے مدت گزرنے کے باوجود وجہ نمائی نوٹس کا جواب نہ دیئے جانے پر حکومت نے فوری اثر کے ساتھ بورڈ کو تحلیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ آندھراپردیش گزٹ میں یہ اعلامیہ شائع کیا گیا ہے۔