یانگون ۔ میانمار کی سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں معزول رہنما آنگ سان سوچی کو 5 سال قید کی سزا دینے کے خلاف دائر اپیل چہارشنبہ کے روز مسترد کر دی ہے۔ عدالت نے یہ فیصلہ اپیل دائر کیے جانے کے فوری بعد اور دونوں جانب کے دلائل سنے بغیر سنایا ہے۔ 76 سالہ سوچی کو گزشتہ ہفتہ 6 لاکھ ڈالر مالیت کی نقدی اور سونے کی سلاخوں کی رشوت لینے سمیت بدعنوانی کے گیارہ مختلف مقدمات میں قصور وارٹھہرائے جانے پر سزا سنائی گئی تھی۔ ان کے وکیل نے ان پر عائد الزامات کو مضحکہ خیز قرار دیا ہے۔ سوچی کو پہلے ہی فوج کے خلاف کارروائیوں، کووڈ نانٹین کے ضابطوں کی خلاف ورزی اور ٹیلی کمیونیکشن کے ایک قانون کی خلاف ورزی کے الزام میں 6 سال قید کی سزا سنائی جاچکی ہے۔