’آپریشن کمل‘ میں چار لوگ شامل ، سی بی آئی، ای ڈی، محکمہ انکم ٹیکس اور پولیس: شیوسینا

   

ممبئی 25 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی حکومت کے حوالہ سے انکشاف کرتے ہوئے سنجے راوت نے کہا، ’’آپریشن کمل میں چار لوگ شامل ہیں، سی بی آئی، ای ڈی، محکمہ انکم ٹیکس اور پولس کی طرف سے ’آپریشن کمل‘ چلایا گیا ہے، لیکن اس سے یہاں کوئی نتیجہ نہیں نکلے گا۔ اگر آپ کے (بی جے پی) پاس اکثریت ہے تو آپ کو ’آپریشن کمل‘ کی ضرورت کیوں ہے‘‘؟وہیں، این سی پی لیڈر نواب ملک کے تازہ بیان سے بی جے پی کی صفوں میں کھلبلی مچ گئی ہے، انہوں نے کہا کہ این سی پی کے 53 ممبران اسمبلی ہمارے ساتھ ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ 165 ممبران اسمبلی کو ہماری حمایت ہے۔ غور طلب ہے کہ این سی پی کے کل 54 ممبران اسمبلی ہیں۔ پارٹی کا کہنا ہے کہ 53 ایم ایل اے اس کے ساتھ ہیں۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ اب صرف اجیت پوار ہی بی جے پی کے ساتھ ہیں، باقی کے ممبر اسمبلی این سی پی میں واپس آئے ہیں۔نواب ملک نے مزید کہا، ’’دیویندر فڑنویس کو یہ سمجھنا چاہیے کہ ان کے پاس اکثریت نہیں ہے، انہیں احساس ہونا چاہیے کہ انہوں نے غلطی کی ہے، اگر وہ استعفی نہیں دیتے ہیں تو، ہم یقینی طور پر حکومت کو ایوان میں شکست دیں گے۔