حیدرآباد ۔26 ستمبر (سیاست نیوز) سڑک عبور کرنے سے پہلے رکو، دیکھو اور سنو ہوسکتا ہیکہ ایک مشہور سیفٹی نعرہ ہو لیکن صرف یہی آپ کو محفوظ رکھنے کیلئے کافی نہیں ہوسکتا ہے کیونکہ سائبرآباد حدود میں سڑکوں پر پیدل راہگیروں کی ہوئی اموات کی تعداد سے ظاہر ہوتا ہیکہ اس میں مزید احتیاط کرنے کی ضرورت ہے۔ اس سال جنوری سے اگست تک صرف سائبرآباد ٹریفک پولیس حدود میں 145 پیدل چلنے والوں کی موت ہوگئی۔ اچانک سڑک عبور کرنا اور لاپرواہی کے ساتھ چلنا ہی اس کی وجوہات نہیں ہیں بلکہ سڑک پر چلتے وقت فون پر بات کرنا بھی اس کی ایک بڑی وجہ ہے۔ ٹریفک پولیس کے عہدیداروں نے یہ بات کہی۔ سائبرآباد ٹریفک پولیس کے مطابق حادثات کے تجزیہ سے معلوم ہوا کہ اس کی وجوہات میں زیبراکراسنگ کا استعمال نہ کرنا، کم روشنی میں سڑک عبور کرنا اور لاپرواہی سے چلنا شامل ہے۔ عہدیداروں کے مطابق بعض لوگ سڑک عبور کرتے وقت خیالوں میں گم رہتے ہیں جس کی وجہ سے حادثات پیش آرہے ہیں۔ ٹریفک پولیس کے ایک سینئر عہدیدار نے کہا کہ شہریوں کو سڑک عبور کرتے وقت چوکس اور چوکنا رہنا چاہئے تاکہ حادثات کا شکار نہ ہوپائیں۔ انہیں دوسری سرگرمیوں کے بجائے سڑک اور ٹریفک سگنلس پر زیادہ توجہ دینی چاہئے۔ زیادہ تر حادثات انسانوں کی غلطیوں کی وجہ سے ہورہے ہیں‘‘۔ جی گوروئیا گور، انسپکٹر سائبرآباد ٹریفک نے کہا کہ ’’سڑک کو اچانک عبور نہ کریں کیونکہ اس سے موٹر گاڑی والے الجھن میں پڑجاتے ہیں اور آخرکار پیدل چلنے والوں کو ٹکر ماردیتے ہیں۔ صحیح وقت کیلئے انتظار کریں اور ہمیشہ زیبرا کراسنگ کا استعمال کریں۔ اگر سڑک عبور کرنے کیلئے کوئی مناسب مارکنگ نہیں ہو تو ایسی صورت میں بہتر ہیکہ سڑک صاف ہونے تک انتظار کریں‘‘۔ انہوں نے کہا کہ لوگ بچوں کو مصروف سڑکوں پر چھوڑ دیتے ہیں جس کی وجہ سے بھی حادثات ہورہے ہیں۔ مسٹر گوڑ نے کہا کہ پیدل راہگیر عام طور پر یہ سمجھتے ہیں کہ موٹر والے انہیں سڑک عبور کرنے دینے کیلئے گاڑی کی رفتار دھیمی کردیں گے یا گاڑی روک کر انہیں سڑک عبور کرنے دیں گے تاہم ہمیشہ ایسا نہیں ہوتا ہے اس لئے احتیاط کرنے کی ضرورت ہے۔