حیدرآباد ۔ 9 ۔ فروری(سیاست نیوز) وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی سریدھر بابو نے وضاحت کی ہے کہ صنعتکار اڈانی کے ساتھ کوئی خاص رعایت نہیں دی جائے گی۔ اسمبلی میں بی آر ایس رکن راجیشور ریڈی کے الزام کی تردید کرتے ہوئے سریدھر بابو نے کہا کہ راہول گاندھی نے اڈانی اور دیگر صنعتکاروں کی مخالفت محض اس لئے کی تھی کہ مودی حکومت غریبوں کو نظر انداز کرتے ہوئے صنعتی گھروں کی مدد کر رہی ہے۔ راجیشور ریڈی نے کہا کہ راہول گاندھی اڈانی کے مخالف ہیں لیکن ریونت ریڈی نے ڈاؤس میں اڈانی سے 12000 کروڑ کی سرمایہ کاری کا معاہدہ کیا ہے ۔ سریدھر بابو نے وضاحت کی کہ تلنگانہ حکومت سرمایہ کاری کرنے والی تمام کمپنیوں کے ساتھ یکساں سلوک کرے گی۔ اڈانی یا کسی اور ادارہ کے ساتھ خصوصی رعایت کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کی ترقی میں جو ادارہ بھی حصہ دار بننا چاہیں گے حکومت ان کا خیرمقدم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس قائدین بھی چاہیں تو حکومت کے تعاون سے سرمایہ کاری کرسکتے ہیں۔ 1