اڈانی گروپ کی مشکلات میں مسلسل اضافہ

   

نئی دہلی :ہنڈن برگ رپورٹ کے بعد سے اڈانی گروپ کی مشکلات میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے ۔ ایک طرف اڈانی گروپ کے شیئرس میں مسلسل گراوٹ ہے تو دوسری طرف اڈانی کی دولت بھی کم ہوتی جا رہی ہے۔ اس کا اثر یہ ہوا ہے کہ امیروں کی فہرست میں اڈانی اب ٹاپ۔30 سے بھی باہر چلے گئے ہیں۔اعداد و شمار کے مطابق اڈانی گروپ نے 2022 میں جتنا کمایا تھا، اس کا دوگنا ہنڈن برگ رپورٹ ریلیز ہونے کے صرف ایک ماہ کے اندر گنوا دیا ہے۔ گوتم اڈانی کی دولت میں آ رہی گراوٹ کی وجہ سے دنیا کے امیروں میں اڈانی کا دبدبہ بے حد تیزی سے کم ہوا ہے۔ گزشتہ سال یعنی 2022 میں اڈانی دنیا کے دوسرے سب سے امیر شخص بن گئے تھے اور 2022 ختم ہوتے ہوتے وہ چوتھے مقام پر پہنچ گئے تھے۔ نئے سال یعنی 2023 کی جب شروعات ہوئی تو اڈانی مضبوط نظر آ رہے تھے، لیکن جنوری کا مہینہ ختم ہونے سے ٹھیک پہلے ہنڈن برگ رپورٹ سامنے آئی، جس نے تہلکہ مچا دیا۔ اب حالات ایسے ہیں کہ کمائی کے معاملے میں نہیں بلکہ سب سے زیادہ دولت گنوانے کے معاملے میں گوتم اڈانی پہلے نمبر پر پہنچ گئے۔