حیدرآباد۔/26 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) بی جے پی کے معطل شدہ رکن اسمبلی ٹی راجہ سنگھ کو آج اس وقت جھٹکہ لگا جب پی ڈی ایکٹ کے اڈوائزری بورڈ نے اس کی بیوی کی درخواست کو مسترد کرتے ہوئے پی ڈی ایکٹ کو ہٹانے سے انکار کردیا۔ راجہ سنگھ کی بیوی ٹی اوشا بائی نے 9 ستمبر کو اڈوائزری بورڈ سے درخواست کی تھی اور اس کے شوہر پر لاگو کئے گئے پی ڈی ایکٹ کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے اسے فوری ہٹانے کا مطالبہ کیا تھا۔ اڈوائزری بورڈ نے اس سلسلہ میں گذشتہ ہفتہ سماعت کی تھی۔ راجہ سنگھ نے یہ استدلال پیش کیا تھا کہ اسے فرضی کیسوں میں ماخوذ کیا گیا ہے اور وہ سیاسی رقابت کا شکار ہے جبکہ حیدرآباد پولیس نے جوابی حلفنامہ میں اڈوائزری بورڈ کو یہ بتایا کہ راجہ سنگھ اشتعال انگیز تقاریر کا عادی ہے اور اس کیخلاف 18 مقدمات فرقہ وارانہ نوعیت کے درج کئے گئے ہیں اور اسی بنیاد پر پی ڈی ایکٹ لاگو کیا گیا ہے۔ بالآخر اڈوائزری بورڈ نے راجہ سنگھ پر لاگو کئے گئے پی ڈی ایکٹ کو ہٹانے سے انکار کردیا۔ رکن اسمبلی کی بیوی کو امید ہے کہ ہائی کورٹ میں اس کے شوہر کو انصاف ملے گا۔ ب