اکبر اویسی کے خلاف کریم نگر ٹاون میں مقدمہ درج

   

مجلسی لیڈر کو پولیس کی کلین چٹ کے بعد مقامی عدالت کی ہدایت پر کارروائی
حیدرآباد ۔ /2 اگست (سیاست نیوز) مجلس کے قائد مقننہ اکبرالدین اویسی کے خلاف کریم نگر ٹاؤن میں ایک مقدمہ درج کرلیا گیا ہے ۔ وہاں کے ایک مقامی وکیل بی مہندر ریڈی نے کریم نگر کی ایک عدالت میں درخواست داخل کرتے ہوئے اکبر الدین اویسی کے خلاف مبینہ اشتعال انگیز تقریر کے خلاف ایک مقدمہ درج کرنے کی گزارش کی تھی ۔ جس پر مقامی کورٹ نے کریم نگر III ٹاؤن پولیس اسٹیشن میں تعزیرات ہند کے دفعات 153(A) ، 153(B) اور 506 کے تحت ایک مقدمہ درج کرنے کی ہدایت دی تھی جس کے نتیجہ میں آج ایک ایف آئی آر جاری کیا گیا ہے ۔ شکایت میں مہندر ریڈی نے یہ بتایا کہ /23 جولائی کو کریم نگر میں اکبر الدین اویسی نے جلسہ عام سے خطاب کیا تھا جس پر بی جے پی کے وکیل بی مہندر ریڈی نے پولیس میں شکایت درج کروائی تھی لیکن کمشنر پولیس کریم نگر وی بی کملاسن ریڈی نے مجلسی رکن اسمبلی کو کلین چٹ دیتے ہوئے تقریر میں اشتعال انگیز مواد نہ ہونے کی تردید کی تھی ۔ جس کے خلاف درخواست گزار نے عدالت سے رجوع ہوکر اس ضمن میں مزید کارروائی کیلئے درخواست داخل کی ۔