سری نگر: معروف بالی ووڈ اسٹار اکشے کمار نے جمعرات کو شمالی ضلع بانڈی پورہ کے گریز سیکٹر کی وادی تلیل میں لائن آف کنٹرول کے ساتھ واقع نیرو گاؤں میں ایک اسکولی عمارت کی تعمیر کے لئے ایک کروڑ روپے عطیہ کر دیے ہیں۔ذرائع نے بتایا کہ موصوف سپر اسٹار نے جمعرات کی دو پہر کو نیرو گاؤں کا دورہ کیا اور اس دوران گاؤں میں اسکولی عمارت کی تعمیر کے لئے ایک کروڑ روپے بطور عطیہ دے دیے ۔ انہوں نے کہا کہ دورے کے دوران موصوف بالی ووڈ اسٹار نے وہاں تعینات سیکورٹی فورسز کے جوانوں کے ساتھ بات چیت بھی کی اور بی ایس ایف کی طرف سے منعقدہ ایک تقریب میں مقامی لوگوں کے ساتھ ڈانس بھی کیا۔دریں اثنا بی ایس ایف کشمیر نے اپنے آفیشل ٹویٹر ہینڈل پر اکشے کمار کے دورہ ایل او سی کے متعلق ایک ٹویٹ میں کہاکہ جیسا کہ ملک آزادی کے 75 ویں سال میں داخل ہو رہا ہے اکشے کمار ایک بار پھر ملک کے سرحدوں کی حفاظت کرنے والے بہادر جوانوں کی ملاقات کے لئے آئے ہیں۔