دہلی میں راشن کی ڈور سٹیپ ڈیلیوری اسکیم پر پابندی کے بعد دہلی حکومت اور مرکزی حکومت کے مابین تناؤ بڑھتا جارہا ہے۔ دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے اس معاملے کو لیکر وزیر اعظم مودی سے براہ راست بات کرنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا ، “وزیر اعظم آج میں بہت پریشان ہوں اور آپ سے براہ راست بات کرنا چاہتا ہوں۔ اگر مجھسے کوئی غلطی ہوئی ہے تو مجھے معاف کردیں۔ “سی ایم نے کہا کہ اگلے ہفتے سے دہلی میں ہوم راشن کی فراہمی کا کام شروع ہونے والا تھا۔ یعنی ، اب کسی شخص کو راشن کے لئے دھکّے نہیں کھانے پڑتے بلکہ راشن اس کے گھر آجاتا اس کے لئے تمام تر تیاریاں ہوچکی تھیں اور اگلے ہفتے سے اس کا آغاز ہونا تھا۔ یہ ایک انقلابی اقدام ہونے والا تھا اور اچانک آپ نے اسے 2 دن پہلے روک دیا۔کجریوال نے کہا کہ اگر اس ملک میں پزا، برگر، اسمارٹ فون کپڑوں کی ہوم ڈیلیوری کی جاسکتی ہے تو پھر غریبوں کے گھروں میں راشن کی ہوم ڈیلیوری کیوں نہیں ہوسکتی ہے؟ پورا ملک جاننا چاہتا ہے کہ آپ نے اس اسکیم کو کیوں مسترد کیا؟