اگنی پتھ احتجاج:گروگرام ضلع میں دفعہ 144نافذ

   

گروگرام : فوج میں کنٹریکٹ پر بھرتی کی اسکیم اگنی پتھ کی مخالفت کو مدنظر رکھتے ہوئے ہریانہ کے گروگرام ضلع انتظامیہ نے پورے ضلع میں دفعہ 144 نافذ کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ضلع کلکٹر اور ڈپٹی کمشنر نشانت کمار یادو نے آج یہاں اس سلسلے میں احکامات جاری کیے ، جس کے تحت کہیں بھی چار یا اس سے زیادہ لوگوں کے جمع ہونے پر پابندی لگا دی گئی ہے ۔ ان احکامات پر فوری عمل درآمد کر دیا گیا ہے اور اگلے احکامات تک نافذ العمل رہیں گے ۔ خلاف ورزی کرنے والوں کو تعزیرات ہند کی دفعہ 188 کے تحت سزا دی جائے گی۔اگنی پتھ اسکیم کی کل سے مخالفت کی جارہی ہے۔ نوجوانوں کے احتجاج کی وجہ سے دہلی۔ جے پور ہائی وے کل دن بھر گروگرام میں جام رہا۔گروگرام سمیت ہریانہ کے مختلف حصوں سے آج بھی احتجاج کی اطلاعات ہیں۔جند ضلع کے نروانا ریلوے اسٹیشن پر نوجوانوں نے مظاہرہ کیا اور ٹرین کو روکنے کی کوشش کی جس کے بعد بڑی تعداد میں پولیس فورس اور ریلوے پولیس فورس تعینات کردی گئی۔