اگنی پتھ کو کافی غوروخوص کے بعد نافذ کیا گیا:راجناتھ

   

نئی دہلی۔ اگنی پتھ اسکیم پر شدید احتجاج کے درمیان وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے ہفتہ کو اس اسکیم کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ اسے سابق فوجیوں کے ساتھ وسیع مشاورت کے بعد نافذکیاگیا ہے۔ سنگھ نے کہا کہ سیاسی وجوہات کی وجہ سے اسکیم کے بارے میں منفی باتیں پھیلائی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اسکیم سپاہیوں کی بھرتی کے عمل میں انقلاب برپاکرے گی۔ انہوں نے کہا کہ اسکیم کے تحت بھرتی ہونے والے عہدیداروں کو دی جانے والی تربیت کے معیار پرکوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ سنگھ نے ٹی9 میڈیا گروپ کے زیر اہتمام ایک کانفرنس میں کہا یہ اسکیم مسلح افواج میں بھرتی کے عمل میں ایک انقلابی تبدیلی لائے گی۔ کچھ لوگ اس کے بارے میں غلط فہمی پھیلا رہے ہیں۔ لوگوں میں کچھ تذبذب ہو سکتا ہے کیونکہ یہ ایک نئی اسکیم ہے۔ وزیر دفاع نے کہا کہ اس اسکیم کو تقریباً دو سال کے سابق فوجیوں کے ساتھ مشاورت کے بعد نافذکیا گیا ہے اور اس سلسلے میں اتفاق رائے کی بنیاد پر فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ لوگوں میں نظم و ضبط اور ملک کے لیے فخر کا احساس ہو۔ وزیر دفاع نے کسی سیاسی پارٹی کا نام لیے بغیر کہا کہ ‘اگنی پتھ’ اسکیم کے خلاف کچھ احتجاج کی سیاسی وجوہات ہو سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا سیاست کرنے کیلئے اور بھی بہت سے مسائل ہیں۔ لیکن ہم اپوزیشن میں ہوں یا اقتدار میں، ہم جو بھی سیاست کرتے ہیں، وہ ملک کے لیے ہوتی ہے۔وزیر دفاع نے کہا کیا ہمیں ملک کے فوجیوں کا حوصلہ پست کرنا چاہیے؟ یہ درست نہیں ہے۔جوانوں کو اگنی پتھ اسکیم کے تحت چار سال کے لیے کنٹریکٹ کی بنیاد پر بھرتی کیا جائے گا۔