اگنیور بھرتی کے انتخاب کے عمل میں تبدیلی

   

ترواننت پورم : ہندوستانی فوج نے اس سال آرمی اگنیور بھرتی کے انتخاب کے عمل میں تبدیلیوں کا اعلان کیا ہے ۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ریکروٹنگ (ریاست) میجر جنرل پی رمیش نے پانگوڈے آرمی اسٹیشن میں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ آرمی اگنیور بھرتی کے لیے نئے انتخابی عمل کے مطابق امیدوار کو پہلے فزیکل ٹسٹ کے بجائے مشترکہ داخلہ ٹسٹ میں شرکت کرنا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ امتحان کے سلیبس اور پیٹرن میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے ۔ یہ عمل زیادہ ہموار ہو گا اور امیدواروں کے لیے امتحان میں شامل ہونا آسان ہو گا اور یہ ملک کی موجودہ تکنیکی ترقی کے ساتھ ہم آہنگ ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ بھرتی کا تبدیل شدہ عمل ملک بھر میں وسیع اور بہتر رسائی کا باعث بنے گا اور بھرتی ریلیوں میں جمع ہونے والے ہجوم کو بھی کم کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ اگنیور جنرل ڈیوٹی، اگنیور ٹیکنیکل، اگنیور ٹریڈسمین (10 ویں اور 8ویں پاس)، اگنیور کلرک؍اسٹور کیپر ٹیکنیکل کے لیے آن لائن رجسٹریشن 16 فروری سے 15 مارچ تک کیرلا کے سات جنوبی اضلاع یعنی ترواننت پورم، کولم، پٹھان متھیٹا، الپپوزا، کوٹائم، اڈوکی اور ایرناکولم کے مرد امیدواروں کے لیے کھلا ہے ۔