ممبئی :نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) کے سربراہ شرد پوار نے کہا ہے کہ حال ہی میں ان کی پارٹی کے کچھ لوگ ایجنسیوں کی تحقیقات کے خوف سے این ڈی اے میں شامل ہوئے ہیں۔ ان میں سے بہت سے رہنما انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کی نظر میں تھے اور وہ تحقیقات کا سامنا نہیں کرنا چاہتے تھے۔اپنے بھتیجے اجیت پوار کا نام لیے بغیر، سینئر پوار نے یہ بات کہی ۔ وہ کہہ رہے تھے کہ وہ ترقی کیلئے حکومت میں شامل ہو رہے ہیں، لیکن یہ سچ نہیں ہے۔ ان میں سے کچھ لوگ حکومت میں شامل ہوئے ہیں کیونکہ وہ ای ڈی اور تحقیقات کا سامنا نہیں کرنا چاہتے تھے۔سوشل میڈیا پر پارٹی کی طرف سے منعقدہ میٹنگ میں این سی پی کے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے پوار نے کہا کہ کچھ لوگ جیسے انل دیشمکھ نے تحقیقات کا سامنا کیا اور جیل جانا قبول کر لیا۔ انہوں نے 14 مہینے جیل میں گزارے۔ انہیںبی جے پی میں شامل ہونے کی پیشکش بھی کی گئی تھی۔ لیکن انہوں نے اپنا نظریہ ترک نہیں کیا اور این سی پی نہ چھوڑنے کے اپنے فیصلے پر قائم رہے۔پوار نے کہا کہ اس نے (انل دیشمکھ) کوئی جرم نہیں کیا ہے اور اس نے قانون کا سامنا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
