نئی دہلی : ایئر مارشل جتیندر مشرا نے چہارشنبہ کے روز ہندوستانی فضائیہ کی مغربی کمان کا چارج سنبھال لیا۔ ایئر مارشل جتیندر مشرا کو 06 دسمبر 1986 کو انڈین ایئر فورس میں فائٹر پائلٹ کے طور پر کمیشن ملا تھا۔ انہوں نے نیشنل ڈیفنس اکیڈمی، پونے ، ایئر فورس ٹسٹ پائلٹ اسکول، بنگلور، ایئر کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج، امریکہ اور رائل کالج آف ڈیفنس اسٹڈیز، برطانیہ سے پڑھائی کی ہے ۔ فائٹر کمبیٹ لیڈر اور تجرباتی ٹیسٹ پائلٹ کے طور پر، ایئر مارشل مشرا کے پاس 3000 گھنٹے سے زیادہ پرواز کرنے کا تجربہ ہے ۔ 38 سال پر محیط سروس کرئیر میں، ایئر مارشل نے کمانڈ اور اسٹاف کے اہم عہدوں پر کام کیا۔ موجودہ تقرری سے قبل وہ ڈپٹی چیف آف انٹیگریٹڈ ڈیفنس اسٹاف (آپریشنز) تھے ۔ ائیر مارشل کو ‘انتہائی ممتاز سروس میڈل اور ممتاز سروس میڈل سے نوازا گیا ہے ۔ وہ ایئر مارشل پنکج موہن سنہا کے جانشیں ہوں گے ، جو فضائیہ میں 39 سال سے زیادہ خدمات انجام دینے کے بعد 31 دسمبر کو ریٹائر ہوئے ہیں۔