دہلی اورکئی دیگر شہروں کو آلودگی کا خطرہ ، مغربی ایشیا کی کئی پروازیں منسوخ
نئی دہلی: /25 نومبر (ایجنسیز) دارالحکومت دہلی پہلے ہی شدید فضائی آلودگی سے پریشان ہے، ایسے میں ایک نئی قدرتی آفت کے آثار بھی منڈلانے لگے ہیں۔ افریقی ملک ایتھیوپیا میں پھٹے ہوئے آتش فشاں سے اٹھنے والا دھوئیں اور راکھ کا بڑا بادل ہندوستان کی طرف بڑھ رہا ہے۔موسمیاتی ادارے انڈیا میٹ اسکائی ویڈر کے مطابق یہ آتش فشانی دھول کا بادل پیر کی رات تقریباً 11 بجے دہلی کی فضا کے قریب پہنچ گیا۔ ایتھیوپیا کے ایرٹا الے رینج میں واقع ہائلی گْبّی آتش فشاں تقریباً دس ہزار سال بعد اتوار کے دن پھٹا، جس کے بعد بڑی مقدار میں راکھ، دھول، سلفر ڈائی آکسائیڈ اور دھوئیں کے بادل فضا میں پھیل گئے۔ ٹولوز وولکینک ایش ایڈوائزری سینٹر کے سیٹیلائٹ مشاہدے کے مطابق یہ آتش فشانی بادل 10 تا 15 کلومیٹر کی بلندی تک پھیل چکے ہیں۔ یہ بادل بحیرہ احمر کے اوپر سے مشرقی سمت میں بڑھتے ہوئے تقریباً 130 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہندوستان کی جانب سفر کر رہے ہیں اور جودھپور–جیسلمیر ریجن کے راستے ملک کی حدود میں داخل ہوئے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ یہ راکھ 25 ہزار سے 45 ہزار فٹ کی اونچائی پر موجود ہے اور زمینی سطح پر اس کا زیادہ اثر ہونے کا امکان کم ہے، لہٰذا عوام کو زیادہ گھبرانے کی ضرورت نہیں۔ ایتھوپیا میں ہیلی گوبی آتش فشاں کے پھٹنے سے ہندوستان سے مغربی ایشیائی شہروں کے لیے کئی پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔ ٹاٹا گروپ کی فضائی کمپنی ایئر انڈیا نے منگل کے روز بتایا کہ اس نے پیر اور منگل کے روز اب تک مجموعی طور پر 13 پروازیں منسوخ کی ہیں۔ اکاسا ایئر نے بھی بتایا کہ اس نے کل اور آج جدہ، کویت اور ابو ظہبی جانے والی اپنی تمام پروازیں منسوخ کر دی ہیں۔ ایئر انڈیا نے بتایا کہ پیر کے روز اس نے کل سات پروازیں منسوخ کر دیں۔ ان میں امریکہ کے نیوارک سے دہلی، نیویارک سے دہلی، دبئی سے حیدرآباد، قطر کے دوحہ سے ممبئی، دبئی سے چنئی، دمّام سے ممبئی اور دوحہ سے دہلی کی پروازیں شامل ہیں۔ ایئر لائن نے آج چنئی۔ممبئی، حیدرآباد۔دہلی ، ممبئی۔حیدرآباد ، حیدرآباد۔ممبئی، ممبئی۔کولکاتہ اور کولکاتہ-ممبئی کی پروازیں منسوخ کی ہیں۔ ایئر لائن نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بتایا کہ وہ طیارے جو آتش فشاں کے دھوئیں والے علاقوں سے گزرے ہیں، ان کا معائنہ کیا جا رہا ہے ۔ کمپنی نے کہا کہ متاثرہ مسافروں کو زمینی عملہ ہر ممکن مدد فراہم کر رہا ہے ۔ اکاسا ایئر نے ایک بیان میں کہا کہ اس نے 24 اور 25 نومبر کی جدہ، کویت اور ابو ظہبی کی تمام پروازیں منسوخ کر دی ہیں، تاہم اس نے تعداد نہیں بتائی۔ کمپنی نے متاثرہ مسافروں کو مکمل رقم واپس کرنے کا وعدہ کیا ہے ۔ اسپائس جیٹ کے ایک ترجمان نے بتایا کہ دبئی کی پروازوں میں تاخیر ضرور ہے مگر ان میں سے کوئی بھی پرواز منسوخ نہیں ہوئی ہیں، انڈیگو کے ترجمان نے منسوخ شدہ پروازوں کی تعداد بتانے سے انکار کر دیا ہے ۔