ایر پورٹ تا فیوچر سٹی میٹرو ٹرین پراجکٹ کیلئے سروے کا کام جاری

   

40 کلو میٹر فاصلہ 40 منٹ میں طئے ہوگا: این وی ایس ریڈی
حیدرآباد۔/23 فروری، ( سیاست نیوز) حیدرآباد میٹرو ریل کے منیجنگ ڈائرکٹر این وی ایس ریڈی نے کہا کہ فیوچر سٹی میٹرو راہداری سے متعلق سروے کا کام تیزی سے جاری ہے۔ سروے کے کاموں میں مصروف عہدیداروں نے این وی ایس ریڈی کو تفصیلات سے واقف کرایا اور ریڈی نے انہیں نئی راہداری کے بارے میں تجاویز پیش کی۔ حیدرآباد ایر پورٹ سے فیوچر سٹی تک تقریباً 40 کلو میٹر میٹرو ریل کی راہداری رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ میٹرو ٹرین کے ذریعہ 40 منٹ میں یہ فاصلہ طئے کیا جاسکتا ہے۔ این وی ایس ریڈی نے کہا کہ حیدرآباد، سکندرآباد اور سائبرآباد کے اطراف چوتھا شہر فیوچر سٹی کے طور پر ترقی دینے کیلئے چیف منسٹر ریونت ریڈی نے فیصلہ کیا ہے۔ فیوچر سٹی میں انفرااسٹرکچر کی فراہمی اور میٹرو ٹرین کو توسیع دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے فیوچر سٹی کو دنیا بھر میں گرین سٹی کے طور پر متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ حیدرآباد ایرپورٹ میٹرو ریل لمیٹیڈ، ایچ ایم ڈی اے اور انڈسٹریل انفرااسٹرکچر کارپوریشن کی جانب سے مشترکہ طور پر میٹرو ٹرین پراجکٹ کے توسیعی منصوبہ کو تیار کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 15 ہزار ایکر اراضی کی پہلے مرحلہ میں فیوچر سٹی کے طور پر نشاندہی کی گئی ہے۔ میٹرو ٹرین کی یہ راہداری گرین کاریڈار کے طور پر رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت شہر کے چاروں سمت میٹرو ٹرین پراجکٹ میں توسیع کا منصوبہ رکھتی ہے۔1