ایران ایئر کے نصف سے زیادہ طیارے ناقابل پرواز

   

تہران : ایران کی ایئرلائنز ایسوسی ایشن کے نائب سربراہ نے بتایا ہیکہ ایئرلائن کے نصف سے زائد طیارے ان کیلئے درکار اسپیئر پارٹس کی کمی کی وجہ سے گراؤنڈ کر دیئے گئے ہیں۔ میڈیا نے ایران کی سرکاری نیوز ایجنسی ارنا کے حوالے سے رپورٹ کی ہے کہ ایئرلائنز کے عہدیدار علی رضا برخور نے ایک انٹرویو میں بتایا ہے کہ ’ہمارے پاس اسپیئر پارٹس خاص طور پر موٹرز کی کمی کے باعث غیر فعال طیاروں کی تعداد 170 ہو گئی ہے۔‘علی رضا نے رواں ہفتہ اپنے انٹرویو میں کہا ہے کہ عالمی پابندیوں سے متاثرہ ملک ایران میں آدھے سے زیادہ طیارے پرواز کے قابل نہیں ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ اگر یہی رجحان جاری رہا تو مستقبل قریب میں ہمیں مزید طیارے گراؤنڈ کرنے پڑیں گے۔ ایئرلائنزایسوسی ایشن کے عہدیدار کا کہنا ہے کہ ’ہمیں امید ہے کہ ایئرلائنز کو مالی اعانت فراہم کرنا حکومت کی ترجیحات میں ہو گی تاکہ گراؤنڈ ہونے والے جہازوں کی بحالی کے لیے سپیئر پارٹس حاصل کیے جا سکیں۔