ایران جنگ عملًا ختم ‘حملوں کا امکان نہیں۔امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کا بیان

   

ایران کے پڑوسی ممالک کی اپیل پر حملوں کا سلسلہ منقطع ۔ آبنائے ہرمز کی ناکہ بندی جاری رکھنے کا اشارہ

واشنگٹن10 نومبر (یو این آئی) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے ایران کے ساتھ جنگ کو ‘عملی طور پر ختم’ قرار دیتے ہوئے کہا کہ امریکہ فی الحال فوجی حملے کی دھمکی پر عمل نہیں کرے گا۔ وسط مدتی انتخابات میں ریپبلکن پارٹی کی شکست کے بعد انہوں نے یہ اعلان کیا۔ٹرمپ نے فوجی کارروائی کے خدشات کو کم کرتے ہوئے کہا کہ امریکی فوج ‘اب تک کے بہترین ہتھیاروں اور سازوسامان کے ساتھ تیار ہے ‘، لیکن انہیں نہیں لگتا کہ ان کے استعمال کی کوئی ضرورت پیش آئے گی۔ ایک رپورٹ کے مطابق، وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے بات چیت کے دوران ٹرمپ نے کہا کہ وہ ان ممالک کی درخواست پر فوجی کارروائی روک رہے ہیں جو ایران کے پڑوسی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ قطر، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، بحرین، کویت اور دیگر ممالک نے امریکہ سے مزید حملے نہ کرنے کی اپیل کی ہے ۔ٹرمپ نے ایران پر اقتصادی دباؤ برقرار رکھنے آبنائے ہرمز میں بحری ناکہ بندی جاری رکھنے کی بات کہی ۔ٹرمپ کا یہ بیان قطر کے وزیر اعظم شیخ محمد بن عبدالرحمٰن آل ثانی سے ملاقات کے بعد سامنے آیا ۔ 28 فروری کو امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے ایران کے خلاف جنگ شروع کیے جانے کے بعد سے آل ثانی نے واشنگٹن اور تہران کے درمیان ایک اہم ثالث کا کردار ادا کیا ہے ۔دونوں فریقوں کے درمیان حملے جاری ہیں، حالانکہ ان کی شدت پہلے جیسی نہیں رہی ہے ۔ ایرانی میڈیا نے دعویٰ کیا کہ امریکہ نے رات کے وقت ایک بار پھر جزیرہ قشم پر حملہ کیا۔ دوسری جانب ایران نے اس ماہ کے آغاز میں خلیجی خطے اور آبنائے ہرمز میں تیل کے ٹینکروں کو نشانہ بنایا تھا۔یمن میں ایران کے اتحادی حوثی باغیوں نے بھی حالیہ مہینوں میں سعودی عرب پر اپنے حملے تیز کر دیے ہیں ۔ ٹرمپ ایران کی پہلے ہی پیش کی گئی جنگ بندی کی تجویز قبول کرنے تیار نہیں ہوئے ہیں۔ اس تجویز میں امریکہ سے اپنی بندرگاہوں کی بحری ناکہ بندی ختم کرنے ، کچھ پابندیاں ہٹانے اور بمباری روکنے کا مطالبہ کیا گیا ہے ۔ اس کے بدلے تہران آبنائے ہرمز کو فوجی سرگرمیوں سے پاک کرنے پر رضامندی ظاہر کر رہا ہے ۔ اس کے بعد ایران کے جوہری پروگرام اور دیگر پابندیوں کے معاملے پر بات چیت کی تجویز ہے ۔ایران جنگ کی غیر مقبولیت اور پٹرول کی قیمتوں سمیت معیشت پر اس کے اثرات نے ڈیموکریٹک پارٹی کی انتخابی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔