تہران : ایران نے اعلان کیا کہ اس نے غیر ملکی انٹیلی جنس سروسز کے ساتھ تعاون کرنے والے گروپ کے خلاف کریک ڈاؤن کیا ہے اور اس کے تمام ارکان کو گرفتار کر لیا ہے۔ایرانی عدلیہ سے وابستہ میزان نیوز ایجنسی نے اطلاع دی ہے کہ غیر ملکی انٹیلی جنس سروسز کے ساتھ تعاون کرنے والے ایک گروہ کو ملکی خفیہ سروس نے ناکارہ بنا دیا ہے۔ رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا کہ یہ گروپ دشمن کی انٹیلی جنس سروس کے ایک ”بڑے منصوبے” کا حصہ تھا جو اندرون اور بیرون ملک ایرانیوں کی معلومات تک رسائی حاصل کرنا چاہتا تھا۔بیان میں کہا گیا کہ یہ گروپ ایرانی حکام اور ملک کے حساس اداروں کے اہم ڈیٹا تک رسائی رکھنے والوں پر توجہ مرکوز کرتا تھا اور ان کے بارے میں معلومات حاصل کرنے کے لیے سرکاری اداروں میں لوگوں سے بھی رابطہ کرتا تھا۔