ایران کا اسرائیل پر بڑا میزائل حملہ، پہلی بار طاقتور میزائل سیجل کا استعمال

,

   

تل ابیب اور دیگر شہروں میں دھماکے ‘ کئی عمارتیں تباہ ‘70سے زائد افراد زخمی،حملے کے خوف سے 5ہزار شہری گھر چھوڑگئے

تہران ۔19؍جون ( ایجنسیز)ایران نے اسرائیل پر اب تک کا بڑا میزائل حملہ کردیاجس کے نتیجے میں بڑے پیمانے پرتباہی ہوئی ہے۔ میزائل حملوں میں 70 سے زائد صہیونی زخمی ہوگئے۔ میڈیا کے مطابق ایران کی جانب سے آج صبح اسرائیل پرمتعدد میزائل فائر کیے گئے۔ زخمیوں میں سے متعدد کی حالت تشویشناک ہے۔ میڈیا کے مطابق ایرانی میزائل حملوں کے بعد تل ابیب اور مقبوضہ بیت المقدس میں دھماکے کی آوازیں سنی گئیں اور متعدد عمارتیں تباہ ہوگئیں۔عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق ایران نے جنوبی اسرائیل کے شہر بیئرشیوا کو بھی نشانہ بنایا،ہولون میں میزائل حملے میں بھی درجنوں افراد زخمی ہوئے۔موجودہ حملے کو حالیہ جنگ میں ایران کا اسرائیل پر سب سے بڑا حملہ قرار دیا جارہا ہے۔قبل ازیں ایران نے آپریشن وعدہ صادق سوم کے تحت اسرائیل پر 11ویں بار میزائل اور ڈرون داغ دیے جس میں پہلی بار سیجل میزائل کا استعمال کیا گیا۔ایرانی میڈیا رپورٹ کے مطابق تل ابیب اور حیفہ پر جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ طاقتور میزائل سیجل فائر کیے گئے ہیںجو انتہائی بلندی پر سفر کر کے پھر اپنے ہدف تک کامیابی کے ساتھ پہنچتے ہیں۔ایران نے دعوی کیا ہے کہ اْسکے ایک درجن میزائلوں میں سے چند نے کامیابی کے ساتھ اپنے اہداف کو نشانہ بنایا ہے۔ ایران کی جانب سے میزائل فائر ہونے اور اسرائیلی حدود میں ڈرون و راکٹ داخل ہونے پر سائرن بھی بجائے گئے۔ایرانی میزائلوں اور ڈرونز کو روکنے کیلئے اسرائیل کا دفاعی نظام ایکٹیو ہوا تاہم جدید میزائلوں کی وجہ سے یہ انہیں ہدف پر پہنچنے سے روکنے میں ناکام رہا۔ایران اور اسرائیل کے درمیان جنگ نے شدت اختیار کر لی ہے۔ دونوں طرف سے ایک دوسرے پر مسلسل میزائلوں کی بارش ہو رہی ہے۔ آج اسرائیل کے کئی شہروں پر بیلسٹک میزائلوں سے بھی حملہ کیا گیا۔بتایا جاتا ہے کہ ایران کے اس حملے سے اسرائیل کو بڑا نقصان پہنچا ہے۔ یہ حملہ سوروکا میڈیکل سینٹر پر کیا گیا جو جنوبی اسرائیل میں ایک بڑا ہاسپٹل ہے۔شہریوں کو علاج کے لیے یہاں آنے سے منع کر دیا گیا ہے۔ اسرائیل کی وزارت خارجہ نے اس حملے کی تصدیق کی ہے۔اس سے قبل اسرائیلی فوج نے اعلان کیا کہ وہ ایران پر تازہ حملے کر رہی ہے۔ لبنانی نیوز کے مطابق ایران کی تہران میں بھی حملے کی خبریں ملی ہیں جبکہ تہران کے مغرب میں کرج شہر کے پاس بھی دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں۔ اسرائیل نے دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ اس نے تہران میں ایران کے انٹرنل سیکوریٹی ہیڈکوارٹر کو تباہ کر دیا ہے۔ایک طرف جہاں ایران، اسرائیل پر میزائلیں داغ رہا ہے وہیں دوسری طرف وہ اسرائیل کے حملوں کو ناکام کرنے میں بھی لگا ہواہے۔ جاری جنگ میں دونوں طرف کافی نقصان بھی ہو رہا ہے۔ اس لڑائی میں ایک طرف جہاں شہریوں کی جان جا رہی ہے وہیں دوسری طرف میزائل حملوں سے عمارتوں اور اہم مقامات کو بھاری نقصان پہنچ رہا ہے۔ واشنگٹن میں واقع گروپ ہیومن رائٹس ایکٹیوسٹس نے کہا ہے کہ اسرائیل۔ایران لڑائی 7ویں دن میں داخل ہو چکی ہے اور ایران بھر میں اسرائیلی حملوں سے کم سے کم 639 لوگ مارے گئے ہیں اور 1320 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ ایک رپورٹ کے مطابق ایرانی حملوں کے خوف سے ہزاروں اسرائیلی اپنے گھروں کو چھوڑ گئے ہیں۔اسرائیلی میڈیا نے بتایا کہ اب تک تل ابیب سمیت دیگر علاقوں سے 5 ہزار 110 شہری گھروں سے نکل گئے۔اسرائیل کی وزارت داخلہ نے بھی اس کی تصدیق کی ہے۔

اور بتایا کہ ان میں سے 1 ہزار کے قریب لوگوں کا تعلق تل ابیب سے ہے۔