تل ابیب ؍ لندن : اسرائیل اور برطانیہ نے ایران کو نیوکلیئر طاقت بننے سے روکنے کیلئے مل کر کوششیں کرنے پر اتفاق کیا ہے۔اسرائیلی وزیر خارجہ ایلی کوہن نے کہا کہ انہوں نے اپنے برطانوی ہم منصب جیمز کلیورلی کے ساتھ فون پر بات کرتے ہوئے ایران کو نیوکلیئر ہتھیار حاصل کرنے سے روکنے کیلئے اقدامات کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔کوہن نے ٹویٹر پر کہا کہ “میں نے اپنے دوست برطانوی وزیر خارجہ سے خطے میں ہونے والی تازہ ترین پیش رفت کے بارے میں بات کی اور ہم نے ایران کو نیوکلیئر ہتھیاروں کے حصول سے روکنے کیلئے ایسے اقدامات کرنے کی ضرورت پر اتفاق کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران کے نیوکلیئر طاقت بننے سے پوری دنیا بالخصوص مشرق وسطیٰ اور خطے میں عدم استحکام پیدا ہو گا۔کوہن نے مزید کہا کہ برطانوی وزیر خارجہ جلد ہی اسرائیل کا دورہ کریں گے۔ایرانی اور مغربی حکام نے کہا ہیکہ اسرائیل کا اتحادی واشنگٹن تہران کے ساتھ بات چیت کر رہا ہے تاکہ ایسے اقدامات کا خاکہ پیش کیا جا سکے جن سے ایران کے نیوکلیئر پروگرام کو روکنے کی راہ ہموار ہوسکے۔