تہران : آسکر ایوارڈ جیتنے والی فلم کی معروف اداکارہ ترانہ علی دوستی کو ایران میں گرفتار کر لیا گیا۔ایرانی نیم سرکاری خبر ایجنسی تسنیم کے مطابق، ترانہ علی دوستی پر غلط معلومات اور افراتفری کو ہوا دینے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔38 سالہ ایرانی اداکارہ ترانہ علی نے سوشل میڈیا پر بغیر اسکارف کے تصویر پوسٹ کر کے ایران میں جاری مظاہروں کی حمایت کی تھی۔ اداکارہ نے 8 دسمبر کو احتجاج میں شریک نوجوان کو پھانسی دینے کے روز سوشل میڈیا اکاو?نٹ پر ایک پوسٹ کی۔ اب اداکارہ کا انسٹا گرام اکاؤنٹ بھی ڈیلیٹ کر دیا گیا ہے۔ فلم دی سیلز مین کو 2017ء میں آسکر ایوارڈ ملا تھا جس میں ترانہ علی دوستی نے مرکزی کردار نبھایا تھا جس کے بعد وہ بہت زیادہ مشہور بھی ہو گئی تھیں۔واضح رہے کہ 2006ء میں سابق ایرانی صدر احمدی نژادکے دورِ حکومت میں بنائی گئی اخلاقی پولیس نے رواں سال ماہِ سمتبر میں 22 سالہ لڑکی مہسا امینی کو سر نہ ڈھانپنے پر حراست میں لیا تھا۔مہسا امینی 16 ستمبر کو دوران حراست مبینہ طور پر دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئی تھی، جس کی ہلاکت کے خلاف ایران میں 17 ستمبر سے مظاہرے جاری ہیں۔مظاہروں کے آغاز کے بعد سے اب تک کم از کم 14 ہزار افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے، جب کہ 63 بچوں سمیت کم از کم 458 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔