لکھنو : 5 ڈسمبر (یو این آئی) سماجوادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو نے ایس آئی آر (خصوصی گہری نظرثانی) کے عمل پر سوال اٹھاتے ہوئے یوگی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ اب تک کتنے فیصد سروے مکمل ہوا ہے، اس کا تفصیلی اور شفاف ریکارڈ فوراً عوام کے سامنے رکھا جائے۔ انہوں نے ایکس پر لکھا کہ حکومت کو آج ہی بتانا چاہیے کہ ابھی تک ایس آئی آر کی پیش رفت کیا ہے تاکہ شک و شبہات دور کیے جا سکیں۔دریں اثنا، اکھلیش یادو نے بی ایل اوز پر بڑھتے دباؤ کو جان لیوا قرار دیتے ہوئے کہا کہ زمینی سطح پر کام کرنے والے یہ اہلکار شدید ذہنی و جسمانی دباؤ میں ہیں، جس کے باعث ملک بھر میں افسوسناک اموات بھی سامنے آئی ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ بی ایل اوز پر موجودہ بوجھ کم کرنے کے لیے فوری طور پر اضافی عملہ تعینات کیا جائے اور کمزور یا بیمار ملازمین کو کام میں چھوٹ ملے۔ایس پی چیف نے یہ سنگین الزام بھی عائد کیا کہ ریاست کے کئی اسمبلی حلقوں میں پی ڈی اے (پسماندہ، دلت، اقلیتی، قبائل) طبقات کے ووٹروں کے نام جان بوجھ کر حذف کیے جا رہے ہیں۔