حیدرآباد۔/6 نومبر،( سیاست نیوز) ڈائرکٹر سرکاری امتحانات نے ایس ایس سی ، او ایس ایس سی اور ووکیشنل سرکاری امتحانات مارچ 2023 کیلئے فیس کے ادخال کا شیڈول جاری کیا ہے۔ طلبہ کے علاوہ ہیڈ ماسٹرس اور پرنسپلس کو فیس کی ادائیگی کے سلسلہ میں ضروری ہدایات دی گئی ہیں۔ شیڈول کے مطابق امیدوار متعلقہ اسکول کے ہیڈ ماسٹر کے پاس امتحانی فیس 15 نومبر تک داخل کرسکتے ہیں۔ ہیڈ ماسٹر کی جانب سے سب ٹریژری میں امتحانی فیس 17 نومبر تک جمع کرائی جائے۔ ہیڈ ماسٹرس کی جانب سے ڈسٹرکٹ ایجوکیشنل آفیسرس کے دفتر میں نامینل رولس کے ادخال کیلئے 19 تا 24 نومبر کی مہلت دی گئی ہے۔ دفتر ڈی جی ای میں این آر کے ادخال کیلئے 26 تا 30 نومبر مہلت دی گئی ہے۔ طلبہ دیرینہ فیس 50 روپئے کے ساتھ 30 نومبر تک متعلقہ ہیڈ ماسٹرس کے پاس فیس جمع کراسکتے ہیں۔ دیرینہ فیس 200 روپئے کے ساتھ 15 ڈسمبر اور 500 روپئے دیرینہ فیس کے ساتھ 29 ڈسمبر تک متعلقہ پرنسپالس اور ہیڈ ماسٹرس کے پاس امتحانی فیس جمع کرائی جاسکتی ہے۔ ریگولر امیدواروں کیلئے فیس 125 روپئے رہے گی۔ 3 یا اس سے کم مضامین کیلئے 110 روپئے اور 3 سے زائد مضامین کیلئے 125 روپئے فیس رہے گی۔ ووکیشنل امیدواروں کیلئے امتحانی فیس 125 روپئے کے علاوہ 60 روپئے اضافی طور پر ادا کرنے ہوں گے۔ ایس سی، ایس ٹی اور بی سی طبقات سے تعلق رکھنے والے ایسے امیدوار جو پہلی مرتبہ امتحان میں ریگولر امیدوار کے طور پر حصہ لے رہے ہیں اور جن کے سرپرستوں کی آمدنی شہری علاقوں میں سالانہ 24 ہزار اور دیہی علاقوں میں سالانہ 20 ہزار روپئے ہو انہیں امتحانی فیس سے استثنیٰ دیا جائے گا۔ حکومت نے ہیڈ ماسٹرس کو آن لائن درخواستوں کے ادخال اور دیگر تفصیلات کی پیشکشی کیلئے رہنمایانہ خطوط جاری کئے ہیں۔ر