کولکاتہ: مغربی بنگال تعلیمی گھپلے میں رقم کی لین دین کی تحقیقات کر رہی انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے منگل کو حکمراں ترنمول کانگریس کے ایم ایل اے مانک بھٹاچاریہ کو گرفتار کر لیا۔ بھٹاچاریہ کو پرائمری سیکشن میں تدریسی عملے کی مبینہ طورپر غیر قانونی طریقے سے تقرری کے معاملے میں ملوث ہونے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے ۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ضلع ندیا کے پلاشی پارا کے ایم ایل اے بھٹاچاریہ کو ای ڈی نے سالٹ لیک میں واقع ان کے سی جی او کمپلیکس میں تقریباً 12 گھنٹے کی پوچھ گچھ کے بعد باضابطہ طور پر گرفتار کر لیا۔ بھٹاچاریہ مغربی بنگال بورڈ آف پرائمری ایجوکیشن کے چیئرمین تھے۔ ذرائع نے بتایا کہ پیر کو دوپہر 1 بجے ای ڈی کے دفتر میں ان سے پوچھ گچھ کی گئی اور تفتیشی افسران کے ساتھ مبینہ عدم تعاون کے الزام میں منگل کو 1 بجے باضابطہ طور پر گرفتار کر لیا گیا۔ ای ڈی کے ذرائع نے بتایا کہ بھٹاچاریہ کو منگل کے روز عدالتی کارروائی کے لیے خصوصی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔