ایس ایل بی سی سرنگ حادثہ، 6 دن کے بعد بھی چیف منسٹر نے دورہ نہیں کیا

   

وزراء کی تفریح کے طور پر صبح آمد اور شام کو واپسی ، ہریش راؤ کا الزام
حیدرآباد۔ 27 فروری (سیاست نیوز) بی آر ایس کے رکن اسمبلی و سابق ریاستی وزیر ہریش راؤ نے ایس ایل بی سی سرنگ حادثہ کے 6 دن بعد بھی چیف منسٹر کا دورہ نہ کرنے پر سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ریونت ریڈی کو انتخابی مہم اور دہلی جانے کا وقت ہے لیکن سرنگ میں پھنسے ہوئے مزدوروں کی زندگیوں کی کوئی فکر نہیں ہے۔ ایس ایل بی سی سرنگ کے پاس میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے ہریش راؤ نے چیف منسٹر سے سوال کیا کہ کیا انتخابی مہم اہم ہے یا 8 مزدوروں کی زندگیاں اہم ہیں۔ مزدوروں کی تلاش میں حکومت پوری طرح ناکام ہوچکی ہے۔ جو ٹیمیں مزدوروں کو سرنگ سے باہر لانے کے لئے کام کررہی ہے ان میں تال میل کا فقدان ہے۔ سرنگ میں جانے کی ہمیں اجازت نہیں دی گئی۔ بی آر ایس پارٹی نے راحت کاری کے اقدامات میں رکاوٹ پیدا نہ ہو اس لئے ابھی تک ایس ایل بی سی کا دورہ نہیں کیا۔ ریاستی وزیر اتم کمار ریڈی ہیلی کاپٹر کے ذریعہ راحت کاری کے کاموں کا معائنہ کررہے ہیں۔ اس سے کیا نظر آئے گا اور حکومت عوام کو کیا پیغام دینا چاہتی ہے سمجھ سے باہر ہے۔ 6 دن کے دوران صرف سرنگ سے کیچڑ نکالا گیا۔ 8 مزدوروں کو بچانے کے لئے اس سے حکومت کی سنجیدگی ظاہر ہوتی ہے۔ کانگریس حکومت کی بدعنوانیوں اور غفلت کی وجہ سے 15 ماہ کے دوران 4 پراجکٹس کو نقصان پہنچا ہے۔ 8 مزدوروں کی زندگیوں کو بچانے میں کانگریس حکومت پوری طرح ناکام ہوچکی ہے۔ وزراء صبح پہنچ رہے ہیں اور شام میں واپس ہو رہے ہیں۔ ہریش راؤ نے استفسار کیا کہ کیا ایس ایل بی سی تفریحی مقام ہے؟ انہوں نے کہا کہ پڑوسی ریاست آندھرا پردیش کی حکومت غیر قانونی طور پر دریائے کرشنا کا پانی چوری کررہی ہے۔ تلنگانہ حکومت خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔ آندھرا پردیش حکومت کی جانب سے دریائے گوداوری پر بنکاچرلہ پراجکٹ تعمیر کیا جارہا ہے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی خواب غفلت میں اس کے خلاف احتجاج بھی درج نہیں کرارہے ہیں۔ پانی کے حقوق کے معاملہ میں تلنگانہ کے مفادات کا تحفظ کرنے میں کانگریس حکومت پوری طرح ناکام ہوگئی ہے۔ 2