ایس سی زمرہ بندی کے مسئلہ پر ہائی کمان کو ریونت ریڈی کے موقف سے اختلاف

   

عجلت میں بیان بازی سے گریز کا مشورہ، عنقریب قومی سطح پر فیصلہ کیا جائیگا
حیدرآباد۔/14 اگسٹ، ( سیاست نیوز) ملک میں ایس سی طبقات کی زمرہ بندی کے مسئلہ پر کانگریس ہائی کمان نے چیف منسٹر ریونت ریڈی کو عجلت سے گریز کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ آل انڈیا کانگریس کمیٹی ایس سی زمرہ بندی کے مسئلہ پر تمام ریاستوں کے صدور پردیش کانگریس کے علاوہ ایس سی طبقات سے تعلق رکھنے والے قائدین سے مشاورت کررہی ہے تاکہ ملک بھر کیلئے کوئی قابل قبول حل تلاش کیا جاسکے۔ صدر اے آئی سی سی ملکارجن کھرگے نے نئی دہلی میں صدور پردیش کانگریس کا اجلاس طلب کیا تھا جس میں راہول گاندھی بھی شریک تھے۔ ایس سی طبقات کے بعض گروپس زمرہ بندی سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلہ کی مخالفت کررہے ہیں۔ بجٹ سیشن کے دوران چیف منسٹر ریونت ریڈی نے سپریم کورٹ کے فیصلہ کا خیرمقدم کرتے ہوئے تلنگانہ میں زمرہ بندی پر عمل آوری کا تیقن دیا تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ صدر کانگریس ملکارجن کھرگے نے چیف منسٹر کو مشورہ دیا کہ وہ زمرہ بندی کے مسئلہ پر بیان بازی سے گریز کریں کیونکہ یہ ایک حساس مسئلہ ہے اور تمام طبقات کے جذبات کا احترام کرتے ہوئے کانگریس پارٹی کوئی فیصلہ کرے گی۔ اسی دوران جنرل سکریٹری اے آئی سی سی کے سی وینوگوپال نے نئی دہلی میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ایس سی زمرہ بندی کے بارے میں صدور پردیش کانگریس کے علاوہ تمام فریقوں سے بات چیت کے بعد کوئی فیصلہ کیا جائے گا۔ پارٹی جو بھی فیصلہ کرے گی وہ تمام ریاستوں کے قائدین پر لاگو ہوگا۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ریونت ریڈی کو بھی ہائی کمان کے فیصلہ کے مطابق چلنا ہوگا اور وہ بھی فیصلہ کے پابند رہیں گے۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے اس مسئلہ پر اپنے رفقاء سے مشاورت کی اور مجوزہ دورہ دہلی کے موقع پر ہائی کمان سے وضاحت کا فیصلہ کیا۔1