کولمبو،23ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) سری لنکا کے صدر میتری پالا سری سینا نے کیتھولک گرجا گھر کے حکام کی جانب سے تحقیقات پر خدشات کا اظہار کئے جانے پر ایسٹر بم دھماکوں کی نئے سرے سے تحقیقات کا حکم دیاہے ۔ذرائع کے مطابق کیتھولک گرجا گھر کے حکام نے گزشتہ تحقیقات پر خدشات کا اظہار کیا تھا جس کے بعد صدرمیتری پالا سری سینا نے متعددججوں پر مشتمل 5 رکنی پینل قائم کیا ہے جسے 3 ماہ کے اندر رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔واضح رہے کہ رواں سال ایسٹر کے موقع پر 21 اپریل کو سری لنکا میں 3 گرجا گھروں ،3 ہوٹلوں پر دھماکوں میں 258 افراد ہلاک ہو ئے تھے ۔سری لنکن حکومت نے دھماکوں کی ذمہ داری مقامی جہادی گروپ پرڈالی تھی، جبکہ پارلیمنٹری پبلک انکوائری میں سیکورٹی اوراینٹلیجنس حکام نے صدر میتری پالا سر ی سینا پر نیشنل سیکورٹی کے معاملات پر توجہ نہ دینے اور حملوں کی انٹیلی جنس اطلاعات ہونے کے باوجود کوئی اقدامات نہ کرنے کا الزام لگایا تھا۔
