حیدرآباد: کانگریس رکن پارلیمنٹ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے اعلان کیا کہ ایل آر ایس اسکیم کو مکمل طور پر منسوخ کئے جانے تک جدوجہد جاری رہے گی۔ اس مسئلہ کو ہائی کورٹ سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ وینکٹ ریڈی نے کہا کہ ایل آر ایس اسکیم عوام پر اضافی بوجھ ہے جس کے نتیجہ میں رجسٹریشن کا عمل متاثر ہورہا ہے ۔ ہائی کورٹ میں ایل آر ایس اسکیم کے خلاف مفاد عامہ کی درخواستیں داخل کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے ایل آر ایس کے لزوم سے جزوی طورپر استثنیٰ دیا ہے۔ وینکٹ ریڈی نے کہا کہ عوام ایل آر ایس اسکیم سے نجات چاہتے ہیں۔ انہوں نے کے سی آر پر تغلق طرز حکمرانی کا الزام عائد کیا اور کہا کہ عوامی مسائل کو نظر انداز کرتے ہوئے کے سی آر من مانی فیصلے کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری ملازمین کو خوش کرنے کیلئے تنخواہوں میں اضافہ کا اعلان کیا گیا جبکہ گزشتہ 7 برسوں سے لاکھوں بیروزگار نوجوان ملازمتوں کے انتظار میں ہیں۔
