عثمانیہ یونیورسٹی ڈگری نتائج کی عدم اجرائی، 20 اگسٹ اسنادات داخل کرنے کی آخری تاریخ
حیدرآباد۔/7اگسٹ، ( سیاست نیوز) تلنگانہ لا سیٹ 2024 کے تحت ایل ایل بی تین سالہ کورس اور ایل ایل بی پانچ سالہ کورس میں داخلوں کیلئے اسٹیٹ کونسل آف ہائیر ایجوکیشن نے کونسلنگ کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔ شیڈول کے مطابق 5 اگسٹ سے آن لائن رجسٹریشن اور سرٹیفکیٹس کی اسکیان کاپیاں اَپ لوڈ کرنے کا آغاز ہوچکا ہے۔ ایل ایل بی کورس میں داخلہ کیلئے گریجویشن کی تکمیل ضروری ہے اور عثمانیہ یونیورسٹی کی جانب سے ڈگری امتحانات کے نتائج کا ابھی تک اعلان نہیں کیا گیا۔ امیدواروں کو کونسلنگ میں آن لائن رجسٹریشن اور اسنادات کی کاپیاں اَپ لوڈ کرنے میں دشواری ہورہی ہے کیونکہ گریجویشن کی ڈگری کے بغیر آن لائن رجسٹریشن قبول نہیں کیا جاتا ۔ امیدوار نتائج کی عدم اجرائی کے نتیجہ میں الجھن کا شکار ہیں کیونکہ 20 اگسٹ آن لائن رجسٹریشن اور اسنادات اَپ لوڈ کرنے کی آخری تاریخ ہے۔ حکام طلبہ کو تیقن دے رہے ہیں کہ عثمانیہ یونیورسٹی کے نتائج کا 20 اگسٹ سے قبل اعلان کردیا جائے گا لیکن یونیورسٹی حکام کی جانب سے اس سلسلہ میں کوئی وضاحت نہیں کی گئی۔ بتایا جاتا ہے کہ ایل ایل بی کورسیس میں داخلے کے خواہشمند طلبہ جب ڈگری کورسیس کے نتائج کے سلسلہ میں عثمانیہ یونیورسٹی سے ربط قائم کررہے ہیں تو انہیں کوئی واضح جواب نہیں دیا جارہا ہے۔ کونسل آف ہائیر ایجوکیشن کے حکام کو امیدواروں کی اس دشواری کو دیکھتے ہوئے آن لائن رجسٹریشن کی تاریخ میں توسیع کرنی چاہیئے تاکہ نتائج کے اعلان کے بعد اسنادات یونیورسٹی سے حاصل کرتے ہوئے طلبہ کو اَپ لوڈ کرنے میں وقت مل سکے۔ نتائج کے اعلان کے فوری بعد میمو جاری نہیں کئے جاتے اور جب تک یونیورسٹی نتائج کا میمو جاری نہیں کرے گی اس وقت تک آن لائن رجسٹریشن کی تکمیل نہیں ہوگی۔ 1
کونسلنگ کے پہلے مرحلہ میں اہم دشواری امیدواروں کیلئے ڈگری نتائج کی عدم اجرائی ہے۔ امیدواروں نے کونسل آف ہائیر ایجوکیشن اور عثمانیہ یونیورسٹی حکام سے درخواست کی ہے کہ اس سلسلہ میں ضروری قدم اٹھائیں۔1