ایل پی جی مہینگی اور سبسڈی کم ‘ غریبوں پر مالی بوجھ : راہول

   

نئی دہلی 9 جون (یو این آئی)اپوزیشن لیڈر راہول گاندھی نے ایل پی جی قیمتوں میں اضافہ اور اجولا یوجنا کے تحت سبسڈی والے سلنڈر کی تعداد کم کرنے کو حکومت کا غریب مخالف قدم قرار دیتے ہوئے کہا کہ مودی حکومت کی معاشی پالیسیوں نے غریب خاندانوں، خواتین، مزدوروں اور متوسط طبقے پر اضافی بوجھ ڈال دیا ہے ۔ راہول نے سوشل میڈیا پر کہا کہ گزشتہ 12 سال کی غریب مخالف معاشی پالیسیوں اور سمجھوتہ پر مبنی خارجہ پالیسی کی وجہ سے ملک اس پوزیشن پر پہنچ گیا ہے جہاں لاکھوں غریب خاندان اور خواتین ایک بار پھر لکڑی کے چولہوں پر انحصار کیلیے مجبور ہو رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اجولا یوجنا میں سبسڈی والے سلنڈر کی تعداد نو سے گھٹا کر چار کر دی گئی اور گزشتہ تین مہینوں میں گھریلو ایل پی جی سلنڈر کی قیمتوں میں 89 روپے کا اضافہ کیا گیا ۔ ان کا الزام تھا کہ حکومت پہلے قیمتیں بڑھاتی ہے اور پھر سبسڈی کم کر کے غریبوں پر اضافی بوجھ ڈالتی ہے ۔کانگریس لیڈر نے کہا کہ مہاجر مزدوروں میںاستعمال کیے جانے والے پانچ کلو گرام والے سلنڈر کی قیمت میں بھی 323 روپے کا اضافہ کیا گیا ۔ انہوں نے سوال کیا کہ بڑھتی مہنگائی کے درمیان مزدور اپنی آمدنی سے گھر کا خرچ کیسے چلائے گا۔ راہول گاندھی نے الزام لگایا کہ حکومت ایک طرف بڑے صنعت کاروں کو فائدہ پہنچاتی ہے جبکہ دوسری طرف غریبوں کو ان معاشی پالیسیوں کی قیمت چکانی پڑ رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو جواب دینا چاہیے کہ اس کی پالیسیوں کا بوجھ آخر غریب، کسان، مزدور، خواتین اور متوسط طبقہ ہی کیوں اٹھائے ۔