ایم آئی ایم گجرات میں بارہ سے پندرہ نشستوں پر قسمت آزمائے گی:امتیاز جلیل

   

ممبئ : دو مرحلوں میں ہونے والے گجرات اسمبلی انتخابات میں مجلس اتحادالمسلمین ایم آئی ایم بارہ سے پندرہ نشستوں پر اپنے امیدوار کھڑا کریگی اور امیدواروں کی فہرست کو حتمی شکل دی جارہی ہے یہ باتیں پارٹی کے رکن پارلیمنٹ امتیاز جلیل نے آج یہاں خبر رساں ایجنسی یو این آئی اردو سروس سے گفتگو کے دوران کہی ۔انہوں نے کہا کہ ایم آئی ایم سربراہ اسد الدین اویسی نے اس سال گجرات کی 30 اسمبلی سیٹوں پر الیکشن لڑنے کا اعلان کیا تھا لیکن بعد میں مجلس کے لیڈران نے یہ فیصلہ کیاکہ صرف ان ہی نشستوں پر قسمت آزمائی کی جائیگی جہاں مسلم ووٹ کے علاوہ پسماندہ طبقات کے ووٹ فیصلہ کن ہو ۔سیاسی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اویسی کے گجرات کے انتخابی میدان میں کودنے کے اعلان سے گجرات میں الیکشن لڑنے والی بڑی سیاسی جماعتوں کے لیے پریشانی کا باعث بن گیا ہے ۔حال ہی میں بہار کے گوپال گنج کے نتائج بھی موضوع بحث ہے جہاں اپوزیشن کے اتحاد کے باوجود بی جے پی گوپال گنج کی سیٹ جیتنے میں کامیاب رہی۔ اس سیٹ پر جیت اور ہار کا مارجن دو ہزار ووٹوں سے بھی کم رہا۔ تیسرے نمبر پر اویسی کے ایم آئی ایم امیدوار تھے ۔ جنہوں نے 12 ہزار ووٹ حاصل کئے ۔اس سلسلے میں حاصل شدہ معلومات کے مطابق اسد الدین اویسی نے گجرات جن اسمبلی سیٹوں پر نظر رکھی ہے ۔ ان میں ابداسا، مانڈوی، بھوج، انجار، گاندھی دھام اور بناسکانتھا کا وڈگام ضلع کچھ میں، پٹن ضلع میں سد پور کے ساتھ احمد آباد کی پانچ مسلم اکثریتی نشستیں شامل ہیں۔