ایم ایل سی کی 5 نشستوں کے امیدواروں کا انتخاب کانگریس پارٹی کے لیے چیلنج

   

40 سے زائد قائدین دوڑ میں، 8 مارچ تک ہائی کمان فیصلہ کرے گا، دہلی میں قائدین کا کیمپ
حیدرآباد 4 مارچ (سیاست نیوز) تلنگانہ میں ایم ایل اے کوٹہ کی 5 ایم ایل سی نشستوں کے امیدواروں کے مسئلہ پر توقع ہے کہ 8 مارچ تک کانگریس ہائی کمان فیصلہ کرلے گا۔ 5 نشستوں کے لئے پرچہ جات نامزدگی داخل کرنے کی آخری تاریخ 10 مارچ ہے اور عددی طاقت کے اعتبار سے کانگریس پارٹی کو 4 نشستوں پر جبکہ بی آر ایس کو ایک نشست پر کامیابی حاصل ہوگی۔ باوثوق ذرائع کے مطابق چیف منسٹر ریونت ریڈی نے امکانی امیدواروں کی فہرست تیار کرلی ہے جسے ہائی کمان کو منظوری کے لئے پیش کیا جائے گا۔ صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ، ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا اور اہم قائدین سے مشاورت کے بعد امکانی امیدواروں کی فہرست تیار کی گئی۔ بتایا جاتا ہے کہ 4 نشستوں کے لئے تقریباً 40 سے زائد قائدین نے اپنی دعویداری پیش کردی ہے۔ چیف منسٹر کی جانب سے پیش کی جانے والی فہرست میں ایک نشست کے لئے تقریباً پانچ نام شامل کئے گئے ہیں۔ چیف منسٹر نے سماجی انصاف کو ملحوظ رکھنے کے لئے مسلم اقلیت، بی سی، ایس سی اور ایس ٹی کو نمائندگی دینے کی تجویز پیش کی ہے تاہم اعلیٰ طبقات کی جانب سے ایک نشست کا مطالبہ کیا جارہا ہے۔ چیف منسٹر کی نئی دہلی میں موجودگی کے موقع پر نئی انچارج میناکشی نٹراجن حیدرآباد پہونچ گئیں لہذا ایم ایل سی امیدواروں کے مسئلہ پر ہائی کمان سے قطعی مشاورت ممکن نہ ہوسکی۔ میناکشی نٹراجن پارلیمانی حلقہ جات کے جائزہ اجلاس کے لئے حیدرآباد پہونچی ہیں۔ ایم ایل سی امیدواروں کا انتخاب کانگریس اعلیٰ کمان کے لئے کسی چیلنج سے کم نہیں ہوگا۔ گزشتہ 10 برسوں سے پارٹی اپوزیشن میں تھی لہذا قائدین کی توقعات قیادت سے کچھ زیادہ ہے۔ اسمبلی اور لوک سبھا انتخابات میں پارٹی کی کامیابی میں اہم رول ادا کرنے والے قائدین کو ترجیح دیئے جانے کا امکان ہے۔ کانگریس ہائی کمان نے نوجوانوں کو نمائندگی دینے کا اشارہ دیا ہے لیکن چیف منسٹر ریونت ریڈی نے جو فہرست تیار کی ہے اُن میں سینئر قائدین کی تعداد زیادہ بتائی جاتی ہے۔ اِسی دوران ایم ایل سی نشست کے دعویدار نئی دہلی پہونچنا شروع ہوچکے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے تقریباً 10 سے زائد قائدین نئی دہلی میں اعلیٰ کمان سے ملاقات کے منتظر ہیں۔ چیف منسٹر کی دہلی روانگی کے ساتھ ہی کئی امیدوار دہلی پہونچ گئے لیکن چیف منسٹر نے اُن سے ملاقات نہیں کی۔ بتایا جاتا ہے کہ آئندہ دو دنوں میں ٹکٹ کے خواہشمند قائدین کی نئی دہلی میں تعداد مزید بڑھ سکتی ہے۔ صدر کانگریس ملکارجن کھرگے اور جنرل سکریٹری کے سی وینو گوپال سے ملاقات کی کوشش کی جارہی ہے۔ موجودہ حالات میں کئی درمیانی افراد بھی میدان میں آچکے ہیں جو قیادت سے اپنی قربت کا دعویٰ کرتے ہوئے ایم ایل سی ٹکٹ دلانے کیلئے بھاری رقومات کا مطالبہ کررہے ہیں۔ 1