پارٹی کو گھر سے چلانے کا الزام، سینئر قائدین کو نظر انداز کرنے کی شکایت
حیدرآباد۔/17 اگسٹ، ( سیاست نیوز) تلنگانہ میںکانگریس کے ناراض قائدین کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے۔ سینئر قائد اور سابق چیف منسٹر ڈاکٹر ایم چنا ریڈی کے فرزند ایم ششی دھر ریڈی نے صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ راجگوپال ریڈی اور ڈاکٹر شراون کی بی جے پی میں شمولیت کیلئے ریونت ریڈی کو ذمہ دار قرار دیتے ہوئے ان کے انداز کارکردگی کو پارٹی کیلئے نقصاندہ قرار دیا۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ششی دھر ریڈی نے کہا کہ پارٹی میں سینئر قائدین کو نظرانداز کردیا گیا ہے۔ جنرل سکریٹری انچارج مانکیم ٹیگور دراصل ریونت ریڈی کے ایجنٹ کی طرح کام کررہے ہیں۔ ششی دھر ریڈی نے کہا کہ سینئر قائدین کے خلاف ریونت ریڈی کے بیان پر ہائی کمان نے باز پرس تک نہیں کی۔ کومٹ ریڈی برادرس کے معاملہ میں ریونت ریڈی کا طریقہ کار ٹھیک نہیں رہا۔ ششی دھر ریڈی نے کہا کہ ریونت ریڈی ایک علحدہ کانگریس کی طرح کام کررہے ہیں۔ گاندھی بھون کے بجائے ان کی قیامگاہ سے پارٹی کو چلایا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کومٹ ریڈی کا یہ الزام درست ثابت ہورہا ہے کہ رقم دے کر پردیش کانگریس کی صدارت حاصل کی گئی۔ انہوں نے ریونت ریڈی سے سوال کیا کہ کیا سینئر قائدین انہیں ہوم گارڈ دکھائی دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صرف تین افراد مل کر کانگریس پارٹی کی سیاست چلارہے ہیں اور ہائی کمان کو غلط رپورٹ روانہ کی جارہی ہے۔ ششی دھر ریڈی نے رکن پارلیمنٹ وینکٹ ریڈی کے خلاف توہین آمیز ریمارکس کی مذمت کی۔ر