ایم پی میں آج سے بڑے پیمانے پر ویکسینیشن مہم

   

بھوپال : کورونا کی تیسری لہر آنے کے خدشے کے درمیان کورونا ویکسینیشن مہم کو مزید تیز کرنے کے مقصد سے مدھیہ پردیش میں پیر سے بڑے پیمانے پر ویکسینیشن مہم کا آغاز ہو گا، جس کے تحت پہلے دن ہی ریا ست کے سات ہزار مراکز پر کم از کم 10 لاکھ افراد کو ٹیکے لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے ۔سرکاری ذرائع کے مطابق ویکسینیشن مہم کو کامیاب بنانے کے لئے تیاریوں کو بڑے پیمانے پر حتمی شکل دے دی گئی ہے ۔ بھوپال میں ویکسینیشن مہم کو کامیاب بنانے کے لئے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے مراعات کا اعلان کیا گیا ہے ۔کلیکٹر اویناش لاوانیہ کے اعلان کے مطابق پیر کے روزٹیکے لگوانے والے شہر کے بڑے ریستوران میں سرٹیفکیٹ دکھا کر 10 سے 15 فیصد کی چھوٹ حاصل کرسکتے ہیں ۔ اس کے لئے تقریبا 18 ہوٹلوں اور ریستوران کا انتخاب کیا گیا ہے ۔دریں اثنا وزیر اعلی شیوراج سنگھ چوہان خود اور حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے ریاستی صدر ونشنودت شرما بھی اپنی ٹیم کے ساتھ ویکسینیشن مہم کو کامیاب بنانے کے لئے میدان میں شامل ہوگئے ہیں۔ دونوں لیڈروں نے آج یہاں ویکسینیشن سے متعلق عوامی بیداری کے پروگرام میں شرکت کی اور لوگوں سے یہ ویکسین لینے کی درخواست کی۔