اسمبلی میں شرکت پر سوال، حلقہ کے عوام کو کیا جواب دوں
حیدرآباد۔/18 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) کانگریس رکن کے مدن موہن راؤ نے آج تلنگانہ اسمبلی میں وقت کے زیاں کے مسئلہ پر اپوزیشن کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا وقفہ سوالات میں کریم نگر تا یلاریڈی ہائی وے کے مسئلہ پر ضمنی سوالات کے دوران مدن موہن راؤ اچانک برہم ہوگئے اور کہا کہ اسمبلی اجلاس میں پابندی سے شرکت کے باوجود انہیں عوامی مسائل پیش کرنے کا موقع نہیں مل رہا ہے۔ اسپیکر نے ایک گھنٹہ میں 10 سوالات کے جوابات کا فیصلہ کیا لیکن اپوزیشن کے رویہ کے نتیجہ میں ایک سوال پر 35 تا 45 منٹ صرف ہورہے ہیں۔ مدن موہن راؤ نے کہا کہ حلقہ کے عوام ان سے سوال کرتے ہیں کہ اسمبلی میں دکھائی نہیں دیتے۔ وقفہ سوالات، مباحث حتیٰ کہ زیرواوور میں بھی موقع نہیں مل پاتا اور غیرضروری مسائل پر ایوان کا وقت ضائع کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب اظہار خیال کا موقع نہیں ہے تو پھر اسمبلی آنا کس کام کا۔ مدن موہن راؤ نے اسپیکر سے سوال کیا کہ اظہار خیال کے بغیر ایوان میں حاضری سے کیا فائدہ ہے۔ حلقہ کے عوام مجھ سے سوال کررہے ہیں کہ علاقہ کے مسائل پر ایوان میں گفتگو نہیں کرتے۔ ہریش راؤ اور دیگر بی آر ایس ارکان پر تنقید کرتے ہوئے مدن موہن راؤ نے کہا کہ کل تلنگانہ کی سیاحتی پالیسی پر مباحث میں حصہ لینے کے دوران بی آر ایس ارکان نے شوروغل کیا۔ انہوں نے کہا کہ عوام نے انہیں منتخب کیا ہے اور عوام ہی کے فنڈ سے ہمیں ادا کیا جاتا ہے۔ ہم ٹائم پاس کیلئے اسمبلی نہیں آرہے ہیں۔ انہوں نے اسپیکر سے اپیل کی کہ ارکان کے حقوق کا تحفظ کرتے ہوئے انہیں اظہار خیال کا مناسب موقع دیا جائے۔ 1